صرف علم کافی نہیں بلکہ نفع بخش علم ضروری: مفتی اسجد قاسمی
مدرسہ تعلیم القرآن میر درد روڈ نئی میں احمد آباد کے مشہور عالم دین کی آمد، مہتمم مدرسہ مولانا قاسم نوری نے کیا استقبال۔
نئی دہلی: مدرسہ تعلیم القرآن میر درد روڈ نئی دہلی نزد درگاہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی مہندیان میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بطور مہمان خصوصی احمد آباد کے معروف عالم دین اور جمعیۃ علماء گجرات کے روح رواں مولانا مفتی اسجد قاسمی شریک ہوئے۔ اس موقع پر مہتمم مدرسہ مولانا قاسم نوری صدر جمعیۃ علماء نئی دہلی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، مولانا یاسین جہازی معتمد شعبہ دعوت اسلام دفتر جمعیۃ علماء ہند وغیرہ نے ان کا استقبال کیا۔
مفتی اسجد قاسمی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں علم کی نافعیت پر گفتگو کرتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی کہ صر ف علم کافی نہیں بلکہ علم نافع ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ علم کا ملنا الگ ہے اور علم کا مقبول ہونا الگ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دنیا میں بہت ساروں کو علم ملا، لیکن وہ خود اس کے لیے وبال بن گیا۔ اس لیے علم کے ساتھ ہدایت ضروری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ علم مقبول و محبوب اس بندے کا ہوتا ہے جو ادب نواز ہوتا ہے۔ ادب کا مطلب یہ نہیں ہے کہ صرف استاذ اور والد کا ادب کیا جائے بلکہ اس روئے زمین پر بسنے والے ہر انسان کا ادب کیا جائے اور اس کو نقصان پہچانے سے احتراز کیا جائے۔
مہتمم مدرسہ مولانا قاسم نوری صاحب نے کہا کہ آج ہمارے درمیان بہت مقبول عالم آئے ہیں، جنکا تعلق خانوادہ مدنی سے ہے، جنھوں نے حضرت مولانا محمود مدنی صاحب سے ارادت کا رشتہ قائم کیا ہے اور وہ ایک دینی ادارہ کے مہتمم ہونے کے علاوہ بہت بڑے خادم خلق بھی ہیں۔ اخیر میں مہمان خصوصی کی دعاء پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔