جمعیۃ چلڈرن ولیج اسکول نے ریاست گجرات میں سرفہرست مقام حاصل کیا، عابدہ نجمہ کو ملا اوّل رینک
شاہ زکریا حاجی پیر پبلک اسکول کی یتیم طالبہ عابدہ نجمہ نے بارہویں میں 92 فی صد نمبر کے ساتھ فرسٹ رینک حاصل کیا، اسے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے خصوصی مبارک باد دی۔
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام چلنے والا شاہ زکریا پبلک اسکول جو جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار (کچھ، گجرات) میں واقع ہے، وہاں آج تقسیم اسناد کا ایک پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ دہلی ہائی کورٹ کے وکیل ایڈوکیٹ طیب خاں بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر یہ اعلان کیا گیا کہ بارہویں (ہائر سکنڈری) میں اسکول نے صد فی صد کامیابی حاصل کی ہے، نیز بارہویں میں شاہ زکریا پبلک اسکول صد فی صد کامیابی کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ سب سے بڑی خوشی کی بات یہ ہے کہ اسی اسکول کی عابدہ نجمہ نے بارہویں میں 92 فی صد نمبر سے فرسٹ رینک حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ کامو بین 91 فی صد کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور اسما بین 88 فی صد کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
تقریب میں اپنے خطاب کے دوران مولانا حکیم الدین قاسمی نے ایسی اعلی کامیابی حاصل کرنے والی طالبات، اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ خود جمعیۃ علماء ہند اور اس ادارہ کے بانیوں اور سرپرستوں کے لیے بہت ہی فخر و انبساط کا موقع ہے۔ انھوں نے ہاسٹل کی یتیم طالبہ عابدہ نجمہ کی کامیابی پر خاص طور سے مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا کہ صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعد مدنی، جو ادارے کے سرپرست ہیں، وہ اس سے بہت مسرور ہیں اور ان کی طرف سے بھی مبارکبادی قبول فرمائیں۔
ایڈوکیٹ طیب خاں نے بھی اپنے خطاب میں سبھی طلبہ و منتظمین کو مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا کہ آج چلڈرن ولیج آ کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ یہاں کا سسٹم اور پرسکون ماحول یقینا فطرت کی عکاسی کرتا ہے۔ پروگرام کی منتظمہ رحیمہ بین قریشی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اس سال 200 سے زائد طالب علم اسکول میں داخل ہوئے ہیں۔ ہم نے گرمی چھٹی کے لیے سرکاری طور سے متعین مدت سے تیرہ دن قبل ہی اسکول شروع کر دیا۔ نیز ہم اپنے بچوں کو اولاد کی طر ح تربیت دیتے ہیں۔ اسکول میں تعلیم کا وقت نصف یوم پر ختم ہو جاتا ہے، اس کے بعد شام تک کے لیے یہیں ٹیوشن کا انتظام ہے۔ بچوں کو باہر کہیں ٹیوشن لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
واضح ہو کہ جمعیۃ چلڈرن ولیج کچھ (انجار) میں سال 2001 میں آئے بھیانک زلزلہ کے بعد یتیم بچوں کے لیے قائم کیا گیا۔ اس کا قیام حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنیؒ، سابق صدر جمعیۃ علماء ہند کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ یہ جگہ مولانا اسعد مدنیؒ کو وہاں کے ایک برہمن نوین چند بھاٹیہ نے ہدیہ کیا تھا۔ وہ زلزلہ کے موقع پر جمعیۃ کی خدمات سے اس قدر متاثر تھے کہ مرد خدا مولانا اسعد مدنیؒ کو اپنے ساتھ چلنے کو کہا اور کہا کہ جہاں تک آپ چلیں گے یہ زمین آپ کے کام کے لیے دے دی جائے گی۔ یہ ادارہ زیادہ تر ایسے بچے اور بچیوں کی کفالت کرتا ہے جن کا کوئی سہارا نہیں ہے۔ اس کے علاوہ یہاں انگلش اور گجراتی میڈیم کے اسکول بھی قائم ہیں۔ یہاں کے طلبہ بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ کی تربیت حاصل کر کئی گورنر ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔