جامعہ ہمدرد میں دو روزہ کتابوں کی نمائش کا افتتاح
یہ نمائش 16 اور 17 اکتوبر کو صبح 10:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک کھلی رہے گی، جس میں فیکلٹی، ریسرچ اسکالرز، طلباء اور دوسرے اسٹاف کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا۔
نئی دہلی: آج حکیم محمد سعید سنٹرل لائبریری جامعہ ہمدرد کے زیر اہتمام دو روزہ کتابی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ اس دو روزہ (16-17 اکتوبر 2024) افتتاحی پروگرام کا آغاز عزت مآب وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) محمد افشار عالم نے کیا۔ اس موقع پر دہلی کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس آلوک کمار بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں اس افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر ایم. اے. سکندر (رجسٹرار)، ڈاکٹر اختر پرویز (یونیورسٹی لائبریرین)، فیکلٹی ممبران اور لائبریری کے اسٹاف وغیرہ کی بھی شرکت ہوئی۔
اس افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران پروفیسر (ڈاکٹر) محمد افشار عالم نے کہا کہ کتابیں ہمیشہ علم اور فکر کی ترقی کی بنیاد رہی ہیں۔ یہ نمائش ایک یاد دہانی کے طور پر کام کرتی ہے کہ آج کی تیز رفتار ڈیجیٹل دنیا میں تحریری لفظ ذہنوں کی تشکیل اور تنقیدی سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائبریریاں کسی بھی تعلیمی ادارے کا دل ہوتیں ہیں، حکیم محمد سعید سنٹرل لائبریری اس نمائش جیسے اقدامات کے ساتھ بہترین وسائل تک کی رسائی میں تعلیمی برادری کو تقویت دینے میں اپنے عزم کو ثابت کرتا ہے۔
یہ نمائش 16 اور 17 اکتوبر کو صبح 10:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک کھلی رہے گی، جس میں فیکلٹی، ریسرچ اسکالرز، طلباء اور دوسرے اسٹاف کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا۔ نمائش میں مختلف شعبوں پر محیط کتابیں ہوں گی، مثلاً سائنس، نرسنگ، کیمیکل اینڈ لائف سائنسز، فارمیسی، یونانی میڈیسن، لاء، مینجمنٹ، کمپیوٹر سائنس، ماس کمیونکیشن، اور سوشل سائنسز وغیرہ۔ اس نمائش میں 23 سے زیادہ پبلشرز/کتاب فروشوں نے علم و ادب کی کتابوں پر مشتمل وسیع پیمانے میں اسٹالز لگائے ہیں۔ اس افتتاح تقریب کو پرجوش ردعمل ملا، اساتذہ اور نوجوان قارئین نے نمائش میں کتابوں کے متنوع ذخیرے میں بڑی دلچسپی کا اظہار کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔