رابعہ گرلز اسکول میں ’اٹل ٹنکرنگ لیب‘ کا افتتاح

پرانی دہلی واقع رابعہ گرلز اسکول پہلا اسکول ہے جو ’اٹل ٹنکرنگ لیب‘ کے ذریعہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

سابق وزیر اعظم محترم اٹل بہاری واجپئی کا خواب تھا کہ بچے صرف کتابوں سے نہ پڑھیں بلکہ سائنس او ر تکنیکی صلاحیتوں میں آگے بڑھیں۔ بے کار، بے مصرف چیزوں سے بھی نئی ایجادات کریں۔ ان کے اس خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے نیتی آیوگ کے تحت اسکولوں میں ’اٹل ٹنکرنگ لیب‘ شروع کرنے کا پروگرام بنایا اور پورے ہندوستان کے اسکولوں سے درخواستیں منگائی گئیں۔ پورے ہندوستان سے 1500 اسکول منتخب کیے گئے جس میں پرانی دہلی واقع رابعہ گرلز پبلک اسکول بھی شامل ہے۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز

اٹل ٹنکرنگ لیب کے لیے رابعہ اسکول کو سرکاری امداد فراہم کی گئی ہے۔ ایل بی ڈی روبوٹک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے طالبات کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔ ان کی رہنمائی کے لیے چار ٹرینرز معین ہیں جو ٹنکرنگ یعنی جگاڑ کے ذریعے نئی ایجادات کا زندگی میں استعمال بتائیں گے۔

رابعہ اسکول کی سینیر ٹیچر محترمہ زیبا ایاز صاحبہ اور ان کی گیارہ ٹیچرز کی ٹیم اسکول میں اس مشن کو فروغ دے گی۔ آج بروز جمعرات 30 اگست 2018 کواسکول میں اس ٹنکرنگ لیب کا افتتاح کیا گیا جس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر اور ڈین محترم ایچ۔ پی۔ سنگھ صاحب نے شرکت کی۔ ایچ ۔پی۔ ایس کی منیجر، ڈاکٹر ذکیہ صدیقی ، کریسنٹ اسکول کی وائس پرنسپل ، محترمہ فوزیہ صاحبہ بھی موجود تھیں۔ پروفیسر ایچ۔ پی۔ سنگھ نے پرانی دہلی میں واقع رابعہ اسکول میں سائنس اور تکنیکی بیداری کے اس مشن میں لڑکیوں کے بڑھتے ذوق و شوق کو دیکھ کر بہت مسرت کا اظہا ر کیا اور کہا یقینا سائنس اورٹیکنالوجی میں ہندوستان کا مستقبل بہت روشن ہے۔

پروگرام کے اختتام پر اسکول کی پرنسپل محترمہ ناہید عثمانی صاحبہ نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا اوراس بات پر بہت خوشی کا اظہار کیا کہ پورے ہندوستان سے منتخب کیے جانے والے چند اسکولوں میں رابعہ اسکول ایک ہے اور پرانی دہلی کا پہلا اسکول ہے جو اس مشن میں شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Aug 2018, 10:11 PM