مجھے خوشی ہے کہ طویل انتظار کے بعد دہلی کے عوام پھر میٹرو پر سفر کریں گے: کیلاش گہلوت

دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے کہا کہ ہم تمام پروٹوکول کے بعد میٹرو خدمات کو دوبارہ شروع کریں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سے دہلی کے عوام کو ایک بڑی راحت ملے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) 7 ستمبر 2020 سے اپنی خدمات دوبارہ شروع کرنے جارہی ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دہلی میں میٹرو ٹرین خدمات بند کردی گئی تھی۔ فی الحال، ٹوکن میٹرو سفر کے لئے استعمال نہیں ہوں گے کیونکہ وائرس پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہے۔ اسٹیشنوں پر سمارٹ کارڈ خریدنے کا ایک نظام ہوگا اور مسافر صرف اسمارٹ کارڈ کے ذریعے ہی سفر کرسکیں گے۔ اسمارٹ کارڈز کو ری چارج کرنے کے لئے ڈیجیٹل طریقوں کا استعمال کیا جائے گا۔ ٹرین میں مسافروں کے درمیان 1 میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے خصوصی خیال رکھا جائے گا، معاشرتی فاصلے کو یقینی بنانے کے لئے نشستوں کی نشان دہی بھی کی جائے گی۔ نیز میٹرو عملہ، سول رضاکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ اس بات کا یقین کیا جاسکے کہ اسٹیشن پر بھیڑ نہ بڑے۔

ہر اسٹیشن پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ماسک پہننا لازمی ہوگا، اگر کسی مسافر کو قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو، ڈی ایم آر سی کے عہدیدار اور تعینات پولیس افسران خلاف ورزی کرنے والے مسافر کا چالان کرسکتے ہیں۔ ٹرین میں ائیر کنڈیشن کا استعمال نئی رہنما ہدایات کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ ٹرین میں تازہ ہوا کی مقدار مستقل رہے۔ جن اسٹیشنوں پر سفری خدمات کو بحال کیا جارہا ہے اس کی فہرست تیار کی جارہی ہے، اسے جلد ہی پبلک کردیا جائے گا۔


دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے ایک بیان میں کہا کہ "مجھے خوشی ہے کہ طویل انتظار کے بعد، دہلی کے عوام ایک بار پھر میٹرو کے ذریعے سفر کرسکیں گے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ میٹرو میں معاشرتی دوری برقرار رہے۔ تمام داخلی مقامات پر مسافروں کی تھرمل اسکریننگ ہوگی۔ سفر کے لئے ٹوکن جاری نہیں کیے جائیں گے، مسافر سمارٹ کارڈز اور ادائیگی کے دیگر ڈیجیٹل طریقوں کا استعمال کرسکتے ہیں۔" انھوں نے مزید کہا کہ "ہم تمام پروٹوکول کے بعد میٹرو خدمات کو دوبارہ شروع کریں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سے دہلی کے عوام کو ایک بڑی راحت ملے گی۔ جس طرح ہم نے کامیابی سے دہلی میں بسوں کی خدمات کو بحال کیا اسی طرح ہم تمام اصولوں اور احتیاط کا خیال رکھتے ہوئے دہلی میں میٹرو سروس کو بھی بحال کریں گے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔