غلام نبی کمار ’حماد احمد ادبی ایوارڈ‘ سے سرفراز
سنبھل میں مدرسہ بنیادی تعلیم القرآن کی جانب سے منعقد سمینار میں غلام نبی کمار کا یہ ایوارڈ دیا گیا۔ سمینار کا عنوان ’ہندوستان میں سائنس صحافت اور اردو‘ تھا۔
جموں و کشمیر کے نوجوان ادیب ،قلم کار اور صحافی غلام نبی کمار ’حماد احمد ادبی ایوارڈ‘ سے نوازے گئے ہیں۔ انھیں یہ اعزاز 9 اکتوبرکو سنبھل میں مدرسہ بنیادی تعلیم القرآن کی جانب سے منعقدہ یک روزہ سیمینار میں بخشا گیا۔ غلام نبی کمار کو یہ ایوارڈ پروفیسر عارف حسن خاں،سابق رکن لکھنؤ اردو اکادمی سید محمد ہاشم ڈاکٹر فرقان سنبھلی،ڈاکٹر شاکر حسین اصلاحی کے ہاتھوں دیا گیا۔حماد احمد نہ صرف سنبھل بلکہ ریاست اترپردیش کے ایک عظیم سماجی اور اصلاحی کارکن تھے جنھوں نے کئی مدرسے قائم کیے اور زندگی بھرخواتین کی تعلیم و تربیت پر زور دیتے رہے۔دیپا سرائے سنبھل میں آزاد گرلس ڈگری کالج انہیں کا قائم کردہ ادارہ ہے۔
غلام نبی کمار نے 9 اکتوبر کو سنبھل میں’ہندوستان میں سائنس صحافت اور اردو‘عنوان سے منعقد سمینار میں اپنا مقالہ’’اردو زبان میں سائنسی صحافت‘‘پڑھا اور اس دوران ان کی عزت افزائی بھی کی گئی۔ان کے ساتھ ساتھ عارف حسن خاں،شاکر حسین ، فرقان سنبھلی اور عبدالمعروف اور شاہین آراکو بھی اعزازات دیے گئے۔
حماد احمد ایوارڈ ملنے پر غلام نبی کمار کو کئی اہل علم حضرات نے مبارک باد دی ہے جن میں پروفیسر صادق،ڈاکٹر حنیف ترین،ڈاکٹر حافظ کرناٹکی ،ڈاکٹر منصور خوشتر،ڈاکٹر انور آفاقی، ڈاکٹر نذیر مشتاق،سالک جمیل براڑ،ڈاکٹر داؤد محسن،ناظم نذیر،ریاض توحیدی،عادل اشرف،پرویز مانوس،شاہد رضا،بشیر چراغ،منظور احمد کمار،عاصم اسعدی،ابرار اجراوی،طارق شبنم وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔
اس سیمینار میں دو کتابوں کا رسم اجرا بھی عمل میں آیا۔پہلے ڈاکٹرمحمد عبدالمروف کی کتاب’’ساحر لدھیانوی کی شاعری کا تنقیدی مطالعہ‘‘اور اس کے بعد ڈاکٹر نذیر فتح پوری کی کتاب’’منصور خوشتر کی انفرادی صلاحیت‘‘کا رسم اجرا کیا گیا۔ان دونوں کتابوں کے تعلق سے مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔’’ہندوستان کی سائنس صحافت اور اردو‘‘پر جن خواتین و حضرات نے مقالات پڑھے ان میں ڈاکٹر منور تابش،رضیہ پروین،ڈاکٹر رباب انجم،ڈاکٹر شفیق الرحمن برکاتی،غلام نبی کمار،ڈاکٹر فرقان سنبھلی وغیرہ شامل ہیں۔مہمان خصوصی کے طور پر سید محمد ہاشم نے شرکت کی اور سائنسی صحافت کے تعلق بہت معلوماتی باتیں کہیں۔صدارتی خطبہ پروفیسر عارف حسن خان نے دیا۔جنھوں نے ہر مقالے کی انفرادیت کوظاہر کیا۔استقبالیہ ڈاکٹر محمد عبدالمعروف نے دیا اور پروگرام کی نظامت ڈاکٹرشاکر حسین اصلاحی نے کی۔آخر میں ڈاکٹر شہزاد احمد نے شکرانہ ادا کیا۔اس پروگرام کے انعقاد میں شاہین آرامنتظم اعلیٰ مدرسہ بنیادی تعلیم القرآن ،سنبھل شاہین نے بہت کلیدی کردار ادا کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔