غلام نبی کمار ’مولانا الطاف حسین حالی ایوارڈ ‘ سے سرفراز

دہلی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر رہے اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے اردو اسکالر غلام نبی کمار تحقیق و تنقید کے میدان میں سرگرم، فعال و متحرک ہیں۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دہلی یونیورسٹی کے پی۔ایچ۔ڈی اردو اسکالر غلام نبی کمار آلمائٹی انٹرنیشنل سوسائٹی(رجسٹرڈ)مالیرکوٹلہ پنجاب کی جانب سے ’مولانا الطاف حسین حالی ایوارڈ‘ سے سرفراز کیے گئے ۔غلام نبی کمارپچھلے کچھ برسوں سے تحقیق و تنقید کے میدان میں بہت سرگرم،فعال ومتحرک نوجوان اسکالر ثابت ہوئے ہیں۔انھوں نے اس دوران مختلف النوع علمی و ادبی موضوعات پر پچاس کے قریب تحقیقی و تنقیدی مقالات اور سو سے زائد مضمون نما تبصرے تحریر کیے ہیں۔ہندو پاک کے متعدد و موقر رسائل وجرائد میں ان کے مضامین جس تواتر کے ساتھ شائع ہوتے رہے ہیں وہ اردو زبان کے روشن مستقبل کی ضمانت پیش کرتے ہیں۔موصوف جموں وکشمیر سے باہر ملک کی کئی ریاستوں میں منعقد سمیناروں میں شریک ہوئے ہیں۔جس کے باعث اردو حلقے میں ان کی سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے۔ان کی تین کتابیں ’اردو کی عصری صدائیں‘،’قدیم وجدید ادبیات‘اور’کلیاتِ زبیر رضوی‘عنقریب شائع ہورہی ہیں۔

غلام نبی کمار دہلی یونیورسٹی میں ڈاکٹر مشتاق احمد قادری کی نگرانی میں’’زبیر رضوی کی ادبی خدمات کا تنقیدی مطالعہ‘‘کے موضوع پر پی۔ایچ۔ڈی کر رہے ہیں۔ان کے ایم۔فل کا موضوع’’دہلی یونیورسٹی سینٹرل لائبریری میں موجود رسائل و جرائد کا وضاحتی اشاریہ‘‘تھا اور یہ ڈگری انہیں پروفیسر ارتضیٰ کریم کی نگرانی میں تفویض ہوئی تھی۔واضح رہے کہ غلام نبی کماراس وقت دو سہ ماہی رسالوں’’دربھنگہ ٹائمز‘‘اور’’تحقیق‘‘کے معاون مدیر بھی ہیں۔علاوہ ازیں اردو زبان کی ترقی و ترویج کے سلسلے میں ڈاکٹر حبیف ترین کے قائم کردہ ادارہ’مرکز عالمی اردو مجلس‘کے جنرل سکریڑی کے طور پر فرایض انجام دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Feb 2018, 6:26 PM