ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول جعفرآباد کو ملا ’بہترین اسکول‘ کا ایوارڈ

دہلی اقلیتی کمیشن کی جانب سے آج ایک جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا جس میں ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول جعفر آباد کو اس کی سرگرم خدمات کے لیے بہترین اسکول کے اعزاز سے نوازا گیا۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آواز بیورو

ہر سال کی طرح اس سال بھی دہلی اقلیتی کمیشن نے ایک تقریب منعقد کر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والے اداروں اور افراد کے درمیان انعامات کی تقسیم کی۔ اس تقریب میں شمال مشرقی دہلی واقع ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول جعفر آباد (اردو میڈیم) کی 50 سالہ تعلیمی خدمات کو دیکھتے ہوئے سال 2019 کے لیے 'بہترین اسکول' کا اعزاز دیا گیا۔ اس سال کورونا وبا کی وجہ سے جاری احکامات کے سبب کسی بڑی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا، لیکن دہلی اقلیتی کمیشن کے دفتر وکاس بھون، آئی ٹی او میں مختصر تقریب میں معزز افراد اور اداروں کو اعزاز بخشا گیا۔

16 جون کو منعقد اس تقریب میں ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خان کو ایوارڈ اور مومنٹو پیش کیا گیا اور ان کے ساتھ اسکول کے منیجر زین العابدین بھی موجود تھے۔ کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے میمنٹو دیتے ہوئے ڈاکٹر معروف خان کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر کمیشن کے سینئر رکن کرتار سنگھ کوچر اور انستاسیا گل بھی موجود تھے۔


قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول اس سال اپنے قیام کے 50 سال مکمل کر رہا ہے۔ سنہ 1970 میں ڈاکٹر ذاکر حسین کے یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس اسکول کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ گزشتہ 50 سالوں میں اسکول نے شمال مشرقی دہلی میں تعلیم کے شعبہ میں بہترین خدمات انجام دیا۔

دہلی اقلیتی کمیشن کی جانب سے اسکول کو انعام کے لیے منتخب کیے جانے کے اعلان کے بعد متعلقہ افراد نے خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی اور بڑی بڑی ہستیوں کی جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ بھی جاری ہو گیا تھا۔ علاقے کے رکن اسمبلی عبدالرحمن نے بھی فون پر ڈاکٹر محمد معروف خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے اسکول کو ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ اسکول مستقبل میں مزید ترقی کر سکے۔ علاوہ ازیں کانگریس کے سینئر لیڈر اور علاقےکے سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد نے بھی اسکول کے کاموں کی ستائش کی اور تعریف کی۔


صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خان نے کہا کہ یہ انعام ہمارے ان آبا و اجداد کی دوراندیشی و محنت کا نتیجہ ہے جنھوں نے اسکول کا قیام کر کے جانفشانی کے ساتھ اس کو آگے بڑھایا۔ یہ اسکول محنتی اساتذہ و انتظامی اراکین کی کوششوں سے اس مقام تک پہنچ پایا ہے۔ مستقبل میں ہم اپنے اسکول کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔