گیان واپی مسجد وغیرہ مسائل کو سڑک پر نہ لائیں، مظاہروں سے گریز کریں: جمعیۃ علماء ہند
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے علماء، مقررین، واعظین اور ٹی وی مناظرین سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹی وی ڈیبیٹ اور مباحثوں میں شرکت سے احتراز کریں۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گیان واپی مسجد کا قضیہ، فرقہ پرست عناصر کی شرارت کی وجہ سے، ان دنوں عوامی اور عدالتی سطحوں پر زیر بحث ہے۔ کچھ شر پسند عناصر اور متعصب میڈیا، جذباتیت سے نتھی کر کے دو فرقوں کے درمیان فتنہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں جمعیۃ علماء ہند سبھی اہل وطن، بالخصوص مسلمانان ہند سے درد مندانہ اپیل کرتی ہے کہ:
(1) گیان واپی مسجد وغیرہ کے مسئلے کو سڑک پر نہ لایا جائے اور ہر طرح کے عوامی مظاہروں سے گریز کیا جائے۔
(2) اس معاملے میں مسجد انتظامیہ کمیٹی فریق کی حیثیت سے مختلف عدالتوں میں مقدمہ لڑ رہی ہے، ان سے امید ہے کہ وہ مضبوطی سے یہ مقدمہ آخر تک لڑیں گے۔ ملک کی دوسری تنظیموں سے اپیل ہے کہ وہ براہ راست اس میں مداخلت نہ کریں۔ جو بھی مدد کرنی ہے وہ بواسطہ انتظامیہ کمیٹی کی جائے۔
(3) علماء، مقررین، واعظین اور ٹی وی مناظرین سے اپیل ہے کہ وہ ٹی وی ڈیبیٹ اور مباحثوں میں شرکت سے احتراز کریں۔ یہ قضیہ عدالت میں زیر بحث ہے، اس لیے پبلک ڈیبیٹ میں اشتعال انگیز مباحثے اور سوشل میڈیا پر تقاریر ہرگز ہرگز ملک اور ملت کے مفاد میں نہیں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔