مفتی عبد الرزاق خان کاانتقال علمی، ملی و جماعتی خسارہ: مولانا ارشد مدنی
مولانا ارشد مدنی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند مہینوں میں پرانے مخلصین ایک ایک کرکے رخصت ہوتے جا رہے ہیں ور آج ہمیں مفتی صاحب بھی داغ مفارقت دے گئے۔
نئی دہلی: امیرشریعت مدھیہ پردیش، شاگرد رشید شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی ؒ و نائب صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا مفتی عبد الرزاق خان صاحب کے تعلق سے رات 11 بجے کے قریب اچانک ایک اندوہناک اطلاع آئی کہ حضرت مفتی صاحب کا بھوپال میں کم وبیش 94 سال کی عمرمیں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے ان کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مفتی ؒصاحب کا انتقال علمی، ملی وجماعتی اعتبار سے ایک بہت بڑا خسارہ ہے، جس کا پر ہونا بہت مشکل ہے۔
مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ مولانا مرحوم حضرت مدنی نوراللہ مرقدہ کے شاگرد رشید اور تربیت یافتہ تھے اور اس زمانہ کے تمام ہی بزرگوں سے گہراتعلق رکھنے والے تھے، مختلف علوم وفنون کی کتابیں پڑھنے والے تھے، اس کے لئے اپنے تمام اساتذہ کرام اور بالخصوص حضرت مدنی نوراللہ مرقدہ سے نہایت مخلصانہ بلکہ فدائیت کا تعلق رکھتے تھے۔ چونکہ عمر کا طویل عرصہ انہوں نے اپنے اکابر کے سایہ میں گزارا تھا اور جمعیۃعلماء ہند کے مختلف ادوار کو انہوں نے دیکھ رکھا تھا، اس لئے وہ جمعیۃعلماء ہند کی ایک تاریخ تھے، اجتماعی مسائل میں انتہائی بیباک، صاف بات کہنے والے اور اپنے موقف پر پتھر کی طرح ثابت قدم رہنے والے تھے، جمعیۃعلماء ہند کے نائب صدر اور جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے صدر اور امیرشریعت آخرتک رہے اوراپنی جگہ خالی چھوڑ گئے، لوگ کہتے ہیں کہ مدھیہ پردیش میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے، میں کہتا ہوں کہ ملک میں اب ان کی صفات کا حامل کوئی دوسرا نظرنہیں آتا، انہوں نے جو گرانقدر خدمات انجام دی ہیں وہ سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔
مولانا مدنی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند مہینوں میں پرانے مخلصین ایک ایک کرکے رخصت ہوتے جا رہے ہیں اور آج ہمیں مفتی صاحب بھی داغ مفارقت دے گئے۔ اللہ تعالی مفتی صاحب کی خدمات کو قبول فرمائے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ میں دعاء گو ہوں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے، جنت میں درجات عالیہ عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کی نگہبانی فرمائے، آمین ثم آمین۔ میں ان کے تمام اہل خانہ اور لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور ان کے لئے دعاگو ہوں۔ مولانا مدنی نے جماعتی رفقاء اور ارباب مدارس سے مفتی صاحب مرحوم کے لئے دعاء مغفرت اور زیادہ سے زیادہ ایصال ثواب کی درخواست کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔