بجنور: شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور مشاورتی مرکز کے زیر اہتمام طلباء کے لئے گائیڈنس اور کاؤنسلنگ جلسہ
طلباء کے لئے اس گائیڈنس اور کاؤنسلنگ جلسہ کا اہتمام “شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور مشاورتی سینٹر“ کو چلانے والی ٹیم کی جانب سے مہدی وِلا میں کیا گیا تھا۔
بجنور: طلباء و طالبات کو پیرا میڈیکل کورسز کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے جگمیت میموریل کالج اینڈ اسپتال چاند پور کی ایک ٹیم نہٹور پہنچی۔ طلباء کے لئے اس گائیڈنس اور کاؤنسلنگ جلسہ کا اہتمام “شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور مشاورتی سینٹر“ کو چلانے والی ٹیم کی جانب سے مہدی وِلا میں کیا گیا تھا۔ اس میں حصہ لینے والے زیادہ تر طلباء وہ تھے جنہوں نے درجہ 12 کا امتحان بائیلوجی مضمون کے ساتھ دیا ہے۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل کالج کے منیجر لکی چودھری اور ان کے عملے کے ارکان، کلیم احمد، نشاء فاروقی اور علینہ انصاری نے کالج میں جاری پیرا میڈیکل کورسز کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں اور انہوں نے بتایا کہ اُن طالبات کے لئے بھی ایک دو سالہ پیرا میڈیکل کورس (اے ان ام) ہے جنہوں نے بارھویں درجہ کا امتحان بغیر سائنس کے پاس کیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر طلباء نے کورسز اور ان کی فیس سے متعلق بہت سے سوالات کئے۔
شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور مشاورتی سینٹر کے روح رواں غزال مہدی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کے لئے اس طرح کے گائیڈنس اور کاؤنسلنگ جلسوں کا مزید اہتمام کیا جائے گا جن میں نزدیکی میڈیکل کالجوں میں جاری پیرا میڈیکل کورسوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دیہی و قصباتی علاقوں میں طلباء کی پیشہ ورانہ تعلیم میں ان کی غربت حائل ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ تعلیم جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہو جاتے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مہدی ولا، نہٹور میں واقع شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور مشاورتی سینٹر کی مفت خدمات کا سفر 27ویں ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔ اب تک اس سے آٹھ سو زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں اور تقریباً 30 طلباء ہیلتھ والنٹیر اس سینٹر سے وابستہ ہیں جو اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔ اتر پردیش میں یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد سنٹر ہے جو بیداری صحت کے میدان میں نمایاں کام کر رہا ہے اور طلباء و نوجوانوں میں صحت کے میدان میں والنٹیری خدمات پیش کرنے کا جذبہ پیدا کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔