سوامی اگنیویش پر حملہ، صدائے حق کو دبانے کی کوشش
تاریخ سے نابلد طاقتیں آئینہ دکھانے والوں سے گھبرا رہی ہیں: مفتی عفان منصور پوری
سالار غازی
امروہہ:گزشتہ روز آریہ سماج مذہبی رہنماء سوامی اگنیویش پر ہوئےحملہ پر مذمت کا معاملہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ، مسلم سماج و مذہبی رہنماؤں کے ذریعے سوامی اگنیویش پر حملہ کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے علماء کرام مذہبی و ملّی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک میں سچ بولنے والوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کے ذریعہ صدائے حق کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملک میں عوامی ہجوم کے بڑھتے واقعات موجودہ حالات کی عکاسی کر رہے ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے سرکردہ رکن معروف عالم دین وصدر مدرسین و ناظم تعلیمات مدرسہ جامعیہ اسلامیہ عربیہ جامع مسجد امروہہ فرزند قاری سید عثمان منصور پوری صدر جمعیۃ علما ہند مفتی سید محمد عفان منصور پوری نے اس معاملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےمعاملہ کی منصفانہ جانچ اور ملزمین کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔
سوامی اگنیویش پر بھیڑ کے ذریعے کئے گئےحملہ کو بےحد شرم ناک و جمہوریت پر بدنما داغ قرار دیتے ہوے مفتی سید محمد عفان منصور پوری نے کہا کہ ملک کس جانب گامزن ہے اس کا اندازہ موجودہ حالات سے کیا جا سکتا ہے جب انسان سے سچ بولنے کا حق چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے کچھ لوگوں کی تیار کردہ ایک خاص سوچ کو ملک بھر پر تھوپنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ملک کی گنگا- جمنی تہذیب کے محافظ طبقہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، بلکہ ان پر عرصہ حیات تنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ان نا موافق حالات سے مقابلہ کی صرف اور صرف ایک ہی صورت ہے اور وہ ہے اتحاد ملک کے تمام باشندگان کو یہ محسوس کرنا ہوگا کہ موجودہ حالات ملک کے روشن مستقبل کے لئے بے حد خطرناک ہیں ملک بچانے اور ملک کی تہذیبی روایات کو قائم رکھنے کے لئے تمام ہندوستانیوں کو متحد ہو کر سوامی اگنیویش جیسے تمام محب وطن اشخاص کی حمایت میں آگے آنا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔