شب برات کے موقع پر مولانا افتخار رضوی کی اپیل
کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے مقدس رات میں عبادت اور تلاوت قرآن پاک کا اہتمام گھر پر ہی کریں
نئی دہلی: اعلیٰ حضرت یوتھ برگیڈ (دہلی پردیش) کے صدر اور ملک وملت کے مسائل میں پیش پیش رہنے والے معروف سماجی کارکن مولانا افتخارحسین رضوی نے شب برات کے حوالے سے امت مسلمہ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس شب کی عظمت رفتہ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلہ (سوشل ڈسٹنسنگ) بنائے رکھنا بہت ضر وری ہے۔
مولانا نے آج یہاں اپنے اخباری بیان کے ذریعہ مسلمانوں سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خطرے کے مد نظراس بار شب برات کے موقع پر اپنے گھروں میں عبادت و ریاضت کریں اورحکومت کی ایڈوائزری اور پولس انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ مولانا نے کہا کہ ہمیں کورونا کے خلاف جنگ لڑنا ہے، اس شرط پر شب برات کی عبادت ہم اپنے گھروں پرکریں اور لاک ڈاؤن کا مکمل طور پر کرفیو کی طرح عمل کرتے ہوئے روڈ پر نہ نکل کرمقدس شب کا احترام کریں تبھی ہم کرونا کے خلاف جنگ جیت کراس عالمگیر وبا کو شکست دے سکتے ہیں۔ اس دوران اپنے اپنے گھروں میں رہ کر ہی عبادت کریں اور قرآن مجید کی تلاوت کریں۔
مولانا افتخار نے کہا کہ شب برات میں عبادت کرنا باعث اجر و ثواب ہے اور اس کی خاص اہمیت ہے۔ نفلی عبادت جس قدر ہوسکے اس رات میں انجام دی جائے، ذکر کریں، تسبیح پڑھیں، دعائیں کریں، ایصال ثواب کا اہتمام کریں، یہ ساری عبادتیں گھر پر رہ کر بہتر طریقے سے انجام دی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک کرونا وائرس سے پیدا شدہ موجودہ حالات ہیں جن میں انسانی زندگی کی حفاظت کے لیے سماجی فاصلہ، گھروں میں رہنے وغیرہ کی ہدایات دی گئی ہیں، اس کے خلاف کوئی بھی عمل کرنا غلط اور شرعاً ممنوع اور قانونا جرم ہوگا۔
سماجی کارکن مولانا افتخار رضوی نے مزید کہا کہ یہ بیماری ایک دوسرے کے قریب رہنے، مصافحہ کرنے یہاں تک کہ کسی چیز کو چھونے اور پھر اس چھوئی ہوئی چیز کو دوسرے شخص کو چھونے کی وجہ سے بھی پھیلتی ہے، جہاں لوگوں کا اجتماع ہو وہاں تیزی سے اس کے پھیلنے کا اندیشہ ہے، ان حالات میں عبادت کی اہمیت اور انسانی زندگی کی حفاظت کے سلسلہ میں شرعی ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے شب برات کے موقع پر ہرگز ہرگز اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں بلکہ اپنے گھروں میں نماز اور دیگر عبادتوں میں خود کو مشغول رکھیں اور اس رات بھی مسجدوں میں فرض نماز کی ادائیگی کے لیے نہ جائیں بلکہ اپنے گھروں میں رہ کر سبھی نماز ادا کریں۔
مولانا افتخار نے اپنے بیان کے آخرمیں کہا کہ شب برات کے موقع اپنے ملک کی سالمیت کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں پھیلے اس موذی مرض سے نجات دلانے اورعالم انسانیت کی بقا کے لئے بارگاہ خداوندعالم میں خصوصی طور پر دعا کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔