حج 2025 کے انتظام و انصرام سے متعلق میٹنگ منعقد

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کا کہنا ہے کہ حاجیوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے وزارت سے خصوصی رابطہ کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں میٹنگ کا منظر</p></div>

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں میٹنگ کا منظر

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: حج 2025 سے متعلق انتظامات کے لیے حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی صدارت میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ اس میٹنگ میں کمیٹی ممبران حاجی یونس (ایم ایل اے)، نازیہ دانش (کونسلر)، محمد سعد اور ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کے ساتھ ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی شامل تھے۔

میٹنگ میں حج 2024 کے جائزے اور 2025 کے حج سے متعلق مختلف قسم کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے معزز ممبر حاجی یونس اور نازیہ دانش کی طرف سے توجہ مبذول کرائے گئے نکات پر کمیٹی کو یقین دلایا کہ حج 2025 کے دوران حاجیوں کی حفاظت، صحت اور نقل و حمل کے لیے اعلیٰ سطح کی سہولیات اور آمد و رفت میں آسانی کو یقینی بنایا جائے گا اور کمیٹی کی جانب سے اس حوالے سے حکومت اور وزارت کو ایک خصوصی نوٹ پیش کیا جائے گا اور وہ اپنی سطح پر بھی ممکنہ کوشش کریں گی۔


واضح رہے کہ حج 2025 کے لیے آن لائن درخواستیں دی جا رہی ہیں جس کی آخری تاریخ 23 ستمبر 2024 ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں 13 اگست 2024 سے 18 ستمبر 2024 تک آن لائن بھرے گئے حج فارموں کی کل تعداد 2821 ہے، جس میں محرم کے بغیر خواتین کی تعداد 23 ہے، ریزرو زمرہ میں 65 سال سے زیادہ عمر کے درخواست گزاروں کی تعداد 188 ہے، جبکہ جنرل کیٹیگری میں درخواست دینے والے امیدواروں کی تعداد 2610 ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔