ملک پوچھے ’’مودی جی، بتاو ٔ، ہوگا تو کب ہوگا؟‘‘
مودی جی آپ چار سال حکومت چلانے اور حکمرانی کرنے کے بعد بھی وہی باتیں کیوں دہرا رہے ہیں ۔ کیا ابھی بہت کچھ کرنے کے لئے رہ گیا ہے؟ اگر ہاں تو بتا دیجئے کہ کیا کیا رہ گیا ہے اور وہ ہوگا تو کب ہوگا؟
وزیر اعظم نریندر مودی نے ابو ظہبی میں مندر تعمیر کی بنیاد رکھتے ہوئے ابو ظہبی کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے لمبی چوڑی تقریر کی اور اپنی حکومت کی کامیابیاں شمار کروائیں۔ دریں اثنا وزیر اعظم نے وہ بات بھی کہہ دی جو آج پورا ہندوستان کہہ رہا ہے ’’مودی جی ، بتاو ٔ ، ہوگا تو کب ہوگا۔‘‘
مودی جی آپ نے صحیح کہا ، آج ملک کے سوا کروڑ سے زائد باشندگان آپ کی حکومت سے یہی سوال تو بار بار پوچھ رہے ہیں کہ مودی جی ہوگا تو کب ہوگا؟ آ پ کو شاید سوالات یاد نہ ہوں ، تو ہم آپ کو یاد دلادیتے ہیں۔ آپ نے وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں ملک سے جو وعدہ کئے تھے کہ آپ کی حکومت بنی تو آپ ہر سال دو کروڑ لوگوں کو نوکریاں دیں گے۔ مودی جی، یہی سوال آج ملک آ پ سے آپ کی حکومت کے تقریباً 4 پورے ہونے کے بعد پوچھ رہا ہے کہ مودی جی ، اب تک تو 80 کروڑ لوگوں کو روزگار مل جانا چاہئے تھا، بتائیے یہ ہوگا تو کب ہوگا؟
مودی جی آپ مصرو ف ہیں اور آپ کا ایک ایک منٹ قیمتی ہے تو آپ کو رافیل جیسے سودوں کو درست کرنا ہے۔ آپ کو چناؤ جیتنے کے لئے کسانوں سے دھوکا کرتے ہوئے غیر ضروری پانی برباد کرنا ہے۔ اپنے ارکان پارلیمنٹ کو ٹِفن کا سبق پڑھانا ہے۔ ایسے میں آپ کو وقت ہی کہاں ملتا ہوگا۔ لیکن نوجوانوں کو پکوڑوں کا سبق پڑھانے سے پہلے یہ تو بتائیں کہ 8 کروڑ نوکریاں کہاں ہیں جن کا آپ نے وعدہ کیا تھا۔ بتائیے یہ ہو گا توکب ہوگا؟
رامائن سیریل تو آپ کو اب بھی یاد ہے اور اس میں سنائی دینے والی ہنسی بھی آپ کو یاد ہے لیکن لوگوں کے بینک کھاتوں میں 15 لاکھ روپے کب آئیں گے یہ تو بتا دیجئے ۔ یہ ہوگا توکب ہوگا؟
مودی جی ! آپ نے ابوظہبی میں مندر کے لئے زمین دینے پر وہاں کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیالیکن آپ کے چہیتے چینلوں نے ان کے حوالے سے غلط خبریں دیکھانی شروع کر دیں۔ مودی جی آپ نے میڈیا کو اتنا ڈرا دھمکا رکھا ہے ، کیا یہ رویہ تبدیل ہوگا۔ کیا میڈیا آزاد ہوگا، اور ہوگا تو کب ہوگا؟
مودی جی ، جس تقریب سے آپ نے خطاب کیا اس کے لئے ہندستانی سفارت خانہ نے دباؤ ڈال کر وہاں رہنے والے ہندوستانیوں کو بھیڑ بڑھانے کے لئے بلایا۔ کیا ایسا دن آئے گا کہ جب آپ سےخود بخود ملنے کے لئے لوگ بے چین ہوں گے ۔ ایسا ہوگا توکب ہوگا ؟۔
مودی جی، آپ نے تقریر میں کہا ’’مندر تعمیر کو خیر سگالی کی نظر سے دیکھنا چاہئے۔ ہماری پرورش اس ماحول میں ہوئی جہاں مندر انسانیت کا ذریعہ ہیں۔ ‘‘ ملک آپ سے سوال کر رہا ہے کہ مودی جی آپ وہی خیر سگالی ہندوستان میں کیوں نہیں دکھاتے۔ ہندوستان میں مندر کے نام پر آپ نےتعصب کا ماحول کیوں بنارکھا ہے ۔ کیا ملک کی نفرتیں آپ ختم کر پائیں گے اور کر پائیں گے تو ہوگا توکب ہوگا ؟
عزت مآب وزیر اعظم جی، حکومت کے چار سال کی مدت گزرنے والی ہے، اس دوران آپ نے یقینی طور سے بہت کچھ تبدیل کیا ہوگا۔ آپ نے چناؤ میں کہا تھا ’’ ہم نے وہ دن بھی دیکھیں ہیں جب چلو چھوڑو یار، کچھ ہونے والا نہیں ، چلو بسترا اٹھاؤ کہیں اور چلیں… ایسے زمانے میں ہم نے وقت گزارا ہے۔‘‘لیکن چار سال بعد بھی آپ وہی سب کیوں دہرا رہے ہیں ؟ کیا بہت کچھ کرنے کو رہ گیا ہے؟ اگر ہاں تو بتا دیجئے کہ کیا کیا رہ گیا اور وہ ہوگا تو کب ہوگا؟
آ پ نے تقریر میں بتایا کہ ملک’ایز آف ڈوینگ بزنس‘ میں چار سال میں 42 ویں مقام آگیا ہے لیکن مودی جی آپ نےاسی عالمی بینک کی ترمیم شدہ رپورٹ نہیں پڑھی جس میں لکھا ہے کہ رینکنگ کے ساتھ سیاسی مفاد کی منشاء سے چھیڑ خانی کی گئی تھی اور اسے آپ کے دوست امریکہ کے ایک تھنک ٹینک نے تو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ آپ سے ملک کا سوال یہی ہے کہ اعداد و شمار سے چھیڑ چھاڑ اور سیاسی منشا کے بغیر کیا ملک میں کچھ ہوگا؟ اور ہاں وہ ہوگا تو کب ہوگا؟
مودی جی، سوا سال سے زیادہ ہو گیا نوٹ بندی کو آدھے سے زیادہ سال ہو گیا جی ایس ٹی لاگو کئے ہوئے۔ آپ اب بھی ان فیصلوں کو یاد کر رہے ہیں۔کیا آپ کے ذہن میں اب بھی ان دو فیصلوں کو لے کر خدشات باقی ہیں۔ اگر یہ دونوں فیصلے ملک کے مفاد میں تھے ، تو ریزرو بینک اکثر اپنی رپورٹ میں یہ کیوں کہتا رہتا ہے کہ ملک کی ترقی کی گاڑی ان دو پہیوں کی وجہ سےپٹری سے اتر گئی۔ اگر یہ درست ہے تو معیشت کی گاڑی پٹری پر کب آئے گی؟ اور ہاں، یہ ہو گا تو کب ہوگا؟
وزیر اعظم جی، آپ نے خود کہا کہ ’’آج ملک یہ نہیں پوچھ رہا ہے کہ ہوگایا نہیں ہوگا ، ممکن ہے یا نہیں ہے۔ لوگ اب پوچھتے ہیں، مودی جی بتاؤ کب ہوگا۔اس سوال میں شکایت نہیں ہے یقین ہے کہ ہوگا تو ابھی گے‘‘ لیکن آپ کو پتہ ہوگا کہ، جب یقین ہوتا ہے، تو سوال نہیں پوچھے جاتےبلکہ لوگ بھروسہ کرتے ہیں کہ یہ ہو گا۔ اچھا ہوا کہ آپ نے خود ہی اعتراف کر لیا کہ ملک آپ سے سوال پوچھ رہا ہے کہ ہوگا تو کب ہوگا؟ جے ہند…
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Feb 2018, 8:28 PM