چین سے تعلقات میں کمی کیلئے مغربی طاقتوں کا پاکستان پر دباؤ ڈالنا ناانصافی: عمران خان

چین کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے دونوں ملکوں کے مابین گہرے تعلقات کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات 70 سال سے زیادہ عرصے پر محیط ہیں۔

عمران خان
عمران خان
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو کوئی بھی چیز تبدیل نہیں کر سکتی اور امریکہ سمیت مغربی طاقتوں کا چین سے تعلقات میں کمی کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالنا ناانصافی ہے۔ چین کے سرکاری ٹی وی (سی جی ٹی این) کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے مابین گہرے تعلقات کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات 70 سال سے زیادہ عرصے پر محیط ہیں اور ان دیرینہ تعلقات کو کوئی بھی چیز تبدیل نہیں کر سکتی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو کچھ بھی ہو، چاہے ہم پر جو بھی دباؤ ڈالا جائے لیکن پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ خطے میں ایک عجیب اور زبردست طاقت کا مقابلہ جاری ہے جسے ہر کوئی جانتا ہے، امریکہ نے 'کواڈ' کے نام سے ایک علاقائی اتحاد تشکیل دیا جس میں ہندوستان اور چند دیگر ممالک شامل ہیں لہٰذا اس نقطہ نظر سے پاکستان کا ماننا ہے کہ امریکہ اور دیگر مغربی طاقتوں کا یہ توقع رکھنا ناانصافی ہے کہ پاکستان جیسے ممالک کسی کی طرفداری کریں گے، ہم کسی کی طرفداری کیوں کریں، ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔


پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ 'خطے میں ایک عجیب کشمکش چل رہی ہے جو جو سب کے علم میں ہے، آپ دیکھتے ہیں کہ چین، امریکہ کے حوالے سے محتاط ہے، جس طرح سے امریکہ اور چین ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہے ہیں وہ پریشان کن ہے کیونکہ امریکہ نے ایک علاقائی اتحاد تشکیل دیا ہے جو کواڈ کہلاتا ہے جس میں امریکہ، ہندوستان اور دیگر دو ممالک شامل ہیں'۔

عمران خان نے واضح کیا کہ اگر پاکستان پر چین سے تعلقات میں تبدیلی یا اس میں کمی کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے تو ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات بہت گہرے ہیں اور یہ تعلقات ناصرف حکومتوں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قائم ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان جب کبھی بھی سیاسی یا بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا شکار ہوا یا اسے ہمسایہ ملک سے تنازعات کا سامنا کرنا پڑا تو چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے عوام پاکستانی عوام کے دلوں میں خاص مقام رکھتے ہیں اور پاکستانی عوام کو چین کے عوام کے ساتھ ایک خاص لگاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے وقتوں میں ہر ایک آپ کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے لیکن آپ کو وہ لوگ یاد رہتے ہیں جو مشکل، سخت اور برے وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔


ایک اور سوال کے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک ساتھ کھڑے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سیاسی اور بین الاقوامی سطح پر تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔جب وزیراعظم سے پوچھا گیا کہ پاک پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو مزید گہرا کیسے کیا جاسکتا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ اس میں تجارت سرفہرست ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک بڑا منصوبہ ہے جس پر کام ہورہا ہے اور پاکستان کا اقتصادی مستقبل اسی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو پاکستان میں ہونے والی سب سے بڑی چیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی لحاظ سے ملک درست سمت میں گامزن ہے، پاکستان اور چین کے مابین سیاسی تعلقات بھی مضبوط تر ہو چکے ہیں کیونکہ کسی بھی بین الاقوامی فورم پر پاکستان اور چین ایک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔