’یہ خطرناک برسراقتدار مسخرے پاکستان کا مذاق بنا رہے ہیں‘، شہباز حکومت پر عمران خان کا شدید حملہ
عمران خان نے متنبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول نہیں کر رہی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں غلط پیغام جائے گا۔
پاکستان میں سیاسی اٹھا پٹخ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ موجودہ حالات کے لیے پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی پی ایم ایل (این) حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان حکومت اپنی حرکتوں سے بیرون ممالک میں پاکستان کا مذاق بنا رہی ہے۔ عمران خان نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’یہ خطرناک برسراقتدار مسخرے یہ نہیں سمجھ رہے ہیں کہ وہ پاکستان کی شبیہ کو بیرون ممالک میں خراب کر رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم کے خلاف ملک سے غداری کے الزام لگا کر اور ایف آئی آر کرا کر وہ بیرون ممالک میں پاکستان کی شبیہ کا مذاق بنا رہے ہیں۔‘‘
عمران خان نے حکومت پاکستان کے ذریعہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول نہ کیے جانے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ پاکستان کی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول نہیں کر رہی ہے، اس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں غلط پیغام جائے گا۔ عمران خان نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’غیر ملکی سرمایہ کاروں میں پیغام گیا ہے کہ حکومت ہی سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مان رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کو چاہیے ہوتا ہے کہ کانٹریکٹ کی سیکورٹی ہو اور یہ تبھی ممکن ہے جب عدلیہ میں اعتماد ہوگا۔ لیکن جب حکومت ہی سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مان رہی ہے تو وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کیا بھروسہ دیں گے؟‘‘
عمران خان نے الزام لگایا کہ لندن پلان کے تحت انتخاب سے پہلے ان کی پارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان کے خلاف ملک سے غداری سمیت 144 معاملے درج ہیں اور پارٹی کے سینئر لیڈروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے پنجاب اور خیبر پختونخوا علاقہ میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ یہ انتخاب 30 اپریل اور 15 مئی کو ہونے تھے لیکن پاکستانی الیکشن کمیشن نے سیکورٹی اسباب اور وسائل کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے انتخاب کو ملتوی کر دیا۔ پاکستان کی برسراقتدار حکومت بھی انتخابی کمیشن کے فیصلے کی حمایت کر رہی ہے۔ دوسری طرف عمران خان کی قیادت والی اپوزیشن اس کی مخالفت کرتی ہوئی نظر آئی اور جلد اسمبلی انتخاب کرانے کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ دنوں پاکستان کے سپریم کورٹ نے انتخاب ملتوی کیے جانے پر ناراضگی ظاہر کی اور طے وقت پر ہی انتخاب کرانے کا حکم دیا۔ اس پر پاکستان حکومت نے نیشنل اسمبلی میں ایک قرارداد پاس کر سپریم کورٹ کے فیصلے کو خارج کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔