پاکستان: عام انتخابات سے قبل خیبر پختونخواں میں تھانہ پر دہشت گردانہ حملہ، 10 پولیس اہلکار شہید، 6 دیگر زخمی
پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل دہشت گردانہ حملوں نے تشویشناک حالات پیدا کر دیے ہیں، خصوصاً پولیس تھانہ پر کیے گئے حملہ نے فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔
پاکستان کے خیبر پختونخواں واقع ڈیرا اسماعیل خان میں پیر کی صبح ایک تھانہ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 10 پولیس اہلکار شہید ہو گئے 6 دیگر سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے چند روز قبل ہوئے اس حملہ نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ یہ حملہ واضح طور پر سنگین حالات کی طرف اشارہ کرنے والا ہے۔
پولیس کے مطابق پیر کے روز علی الصبح تقریباً 3 بجے دہشت گرد چودھوان پولیس اسٹیشن میں گھس گئے اور اس کے آس پاس کھڑے گارڈس پر حملہ کر دیا۔ ایک پولیس افسر نے کہا کہ ’’انھوں نے ہتھ گولے پھینکے اور ساتھ ہی ان پولیس افسران پر گولیاں بھی چلائیں جن سے ان کا سامنا ہوا۔ شہید ہوئے لوگوں میں سے 4 ایلیٹ فورس کے تھے۔‘‘ درابن کے ڈی ایس پی ملک انیس الحسن نے اس سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’عمارت میں داخل کرنے کے بعد دہشت گردوں نے ہتھ گولے کا استعمال کیا جس سے پولیس کو زیادہ نقصان ہوا۔‘‘
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کو کم از کم 30 دہشت گردوں نے انجام دیا۔ انھوں نے کم از کم تین الگ الگ سمتوں سے حملہ کیا۔ مقامی پولیس چیف اختر حیات گنڈاپور نے کہا کہ ’’کم از کم ڈھائی گھنٹے تک گولی باری ہوئی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حملے کے بعد پولیس افسران کے ساتھ ساتھ فوجی اہلکاروں کے ذریعہ ایک ایگزٹ مہم شروع کی گئی تھی۔ فوج نے تھانے کے آس پاس سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی ہے اور قریب کے جنگل میں ایک ایگزٹ مہم بھی چلا رہی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ تازہ حملہ حال کے دنوں میں ہوئے کچھ حملوں کی سیریز کا حصہ ہے، جس سے علاقہ میں سیکورٹی کے مزید سنگین حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ پاکستان میں 8 فروری کو عام انتخابات ہونے ہیں جس کو لے کر اب فکر میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ٹھیک ایک ماہ قبل بھی ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مادوں سے بھری گاڑی کو سیکورٹی فورسز کی چوکی سے ٹکرا دیا تھا جس میں کم از کم 23 فوجی شہید ہوئے تھے۔ کار بم دھماکہ کے بعد ایک خود کش حملہ ہوا جس سے عمارت منہدم ہو گئی اور بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔
ڈیرہ اسماعیل خان ضلع گزشتہ کچھ وقت سے دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔ خصوصاً انتخابات کے اعلان کے بعد اس ضلع میں دہشت گردانہ حملہ بڑھ گیا ہے۔ اس درمیان پاکستانی الیکشن کمیشن نے سیکورٹی افسران کے ساتھ ایک ایمرجنسی میٹنگ طلب کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔