معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو کینیڈا میں پڑا دل کا دورہ، اسپتال میں داخل
مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے یوٹیوب چینل پر ویڈیو بیان میں کہا ’’پریشانی کی خبر تھی لیکن اب نہیں ہے۔ مولانا طارق جمیل کینیڈا میں موجود ہیں اور ان کے دل میں تکلیف ہوئی تھی‘‘
اوٹاوا: معروف عالم دین مولانا طارق جمیل اس وقت کینیڈا کے دورے پر ہیں اور انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد وہیں کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے مطابق وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے یوٹیوب چینل پر ویڈیو بیان میں کہا ’’پریشانی کی خبر تھی لیکن اب نہیں ہے۔ مولانا طارق جمیل کینیڈا میں موجود ہیں اور آج ان کے دل میں تکلیف ہوئی تھی۔‘‘
یوسف جمیل نے کہا ’’سینے میں درد کی وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کا پروسیجر عافیت سے مکمل ہو گیا اور اس وقت وہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن ابھی تک اسپتال میں ہیں۔‘‘ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں یوسف جمیل نے کہا کہ ’’بابا جان اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے، آپ سب احباب سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔‘‘ ویڈیو پیغام میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’گھر سے دور ہیں، ہم لوگ یہاں ہیں اور وہاں پر موجود ہیں جو تھوڑی پریشانی کا باعث ہے لیکن اللہ کا کرم ہے وہ ٹھیک ہیں‘۔
مولانا طارق جمیل کو یکم جنوری 2019 کو بھی مبینہ طور پر عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انجیوپلاسٹی کے بعد ان کی طبیعت بہتر ہوگئی تھی۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے باعث انہیں لاہور میں جوہر ٹاون کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوگرافی کی گئی تھی۔
مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا تھا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے۔ ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد ہوا تھا جس کے باعث انہیں ہسپتال لایا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔