پاکستان: عام انتخاب میں خوب ہوئی دھاندلی! راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر نے احتجاجاً دیا استعفیٰ
لیاقت علی چٹّا نے کہا کہ ’’میں نے راولپنڈی ڈویژن کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی، میں اپنے ڈویژن کے ریٹرننگ افسران سے معافی مانگتا ہوں۔‘‘
پاکستان میں راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر لیاقت علی چٹّا نے ہفتہ کے روز انتخاب میں دھاندلی کے خلاف احتجاجاً اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ لیاقت علی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران اس استعفیٰ کا اعلان کیا۔ پاکستانی میڈیا ’جیو نیوز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق انھوں نے اعتراف کیا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں دھاندلی ہوئی ہے اور وہ اس کی ذمہ داری لے رہے ہیں۔
’جیو نیوز‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیاقت علی نے پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ہم ہارے ہوئے لوگوں کو 50 ہزار ووٹوں کے فرق سے فاتح میں بدل دیتے ہیں۔ میں نے راولپنڈی ڈویژن کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں اپنے ڈویژن کے ریٹرننگ افسروں سے معافی مانگتا ہوں۔ ان کے اندر کام کرنے والے لوگ اس بات کو لے کر رو رہے تھے کہ انھیں کیا کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔‘‘ لیاقت علی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آج بھی الیکٹورل ملازم بیلٹ پیپرس پر فرضی مہر لگا رہے ہیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق لیاقت علینے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے ملک کے ساتھ ناانصافی کی ہے، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک پر پھانسی دی جانی چاہیے۔‘‘ اس تعلق سے ایک افسر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے دباؤ میں تھے۔ انھوں نے آج صبح مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش بھی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔