انسانی غلطی کی وجہ سے کراچی میں پی آئی اے کا طیارہ تباہ ہوا تھا :رپورٹ
22 مئی 2020 کو پی آئی اے کا طیارہ ایئربس 320 لینڈنگ کی دوسری کوشش کے دوران کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی ماڈل ٹاؤن میں گر کر تباہ ہوا تھا۔
ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ نے 4 سال قبل کراچی میں گر کر تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کی فائنل رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق طیارہ انسانی غلطی کی وجہ سے تباہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق لینڈنگ سے پہلے 4 مرتبہ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو لینڈنگ سے روکا تھا، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو بتایا تھا کہ طیارے کی اونچائی بہت زیادہ ہے۔
جنگ نیوز کے مطابق لینڈنگ کی پہلی کوشش کے دوران طیارے کے انجن رن وے سے ٹکرائے، انجن ٹکرانے اور شعلے نکلنے کا ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو نہیں بتایا، دونوں انجن رن وے سے ٹکرانے کی وجہ سے متاثر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : سچن تندولکر نے کشمیر کے معذور کرکٹر عامرسے ملاقات کی
رپورٹ کے مطابق انجنوں کو لبریکینٹ آئل فراہم کرنے والا نظام خراب ہوگیا جس سے دونوں انجن بند ہوگئے، انجن بند ہونے سے طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے دونوں انجن بند ہونے سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی جس کے باعث پرواز کا آخری 4 منٹ کا ڈیٹا ریکارڈ نہیں ہوسکا۔
رپورٹ کے مطابق لینڈنگ کی پہلی کوشش کے دوران دونوں پائلٹس لینڈنگ کے لیے یکسو نہیں تھے، لینڈنگ کی پہلی کوشش کے وقت طیارے کے لینڈنگ گیر کھلے تھے لیکن عین لینڈنگ کے وقت دونوں میں سے کسی ایک پائلٹ نے لینڈنگ گیر دوبارہ بند کردیے۔
یہ بھی پڑھیں : یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کے دو سال: مغربی رہنما کییف میں
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لینڈنگ گیر بند ہونے کے باوجود طیارے نے لینڈنگ کی کوشش کی، پہلی مرتبہ بغیر لینڈنگ گیر کے لینڈنگ کی کوشش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دونوں پائلٹس اور ایئر ٹریفک کنٹرولرز میں رابطے اور ہم آہنگی کا فقدان تھا، حادثے کی انتظامی ذمہ داری پی آئی اے اور سی اے اے پر بھی عائد ہوتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پائلٹس کے روزہ رکھ کر طیارہ اڑانے کے بارے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قوانین واضح نہیں ہیں، پی آئی اے میں فلائٹ ڈیٹا اینالائسس (FDA) پر عمل نہیں ہورہا۔ رپورٹ کے مطابق فلائٹ ڈیٹا اینالائسس نہ ہونے کی وجہ سے دوران پرواز پائلٹس کی غلطیاں نوٹس میں نہیں آتیں۔
واضح رہے کہ 22 مئی 2020 کو پی آئی اے کا طیارہ ایئربس 320 لینڈنگ کی دوسری کوشش کے دوران کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی ماڈل ٹاؤن میں گر کر تباہ ہوا تھا۔حادثے میں 99 مسافروں سمیت 101 افراد جاں بحق ہوئے تھے، 2 مسافر خوش قسمتی سے بچ گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔