پاکستانی پارلیمنٹ 9 اگست کو ہوگی تحلیل، 90 دنوں کے اندر کرائے جائیں گے انتخاب، وزیر دفاع خواجہ آصف کا اعلان

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے جو نام دیے گئے ہیں وہ باوقار شہری ہیں، ایک کا سیاست سے تعلق ہے، جبکہ ایک شخصیت کا سیاست سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔

شہباز شریف، تصویر آئی اے این ایس
شہباز شریف، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان میں انتخاب کو لے کر ایک بڑا اُپڈیٹ سامنے آ رہا ہے۔ پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیر کے روز ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاریخ 9 اگست طے کر دی گئی ہے۔ نگراں وزیر اعظم کے لیے چار سے پانچ ناموں پر اتفاق قائم ہوا ہے۔

دراصل اس وقت پاکستان معاشی بحران سے نبرد آزما ہے اور وقت سے پہلے انتخابات کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے پیپلز پارٹی کی چار دن پہلے ایک میٹنگ ہوئی تھی، اس میں چار سے پانچ ناموں پر اتفاق رائے قائم ہوا ہے۔ غور و خوض کے بعد نام اعلیٰ قیادت کے پاس جائیں گے۔ وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے جو نام دیے گئے ہیں، وہ باوقار شہری ہیں۔ ایک کا سیاست سے تعلق ہے، جبکہ ایک شخصیت کا سیاست سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔ پاکستان میں نگراں حکومت بننے کے 90 دنوں کے اندر انتخابات ہوں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر موجودہ ایوان اپنی مدت کار پوری کر لیتی تو 60 دن کے اندر انتخاب کروائے جاتے۔


دوسری طرف وزیر اعظم نواز شریف کی واپسی کی تیاریاں تقریباً شروع ہو چکی ہیں اور وہ یوروپ سے لوٹنے کے بعد لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی پاکستان واپسی کی تاریخ اور پالیسی کا اعلان کریں گے۔ نواز شریف اگلے 48 گھنٹوں میں لندن لوٹیں گے، جہاں وہ اعلیٰ قیادت سے صلاح لے کر آگے کی پالیسی بنائیں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کی پارٹی پی ایم ایل-این کے کارکنان ان کے استقبال کو تیار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔