پاکستان: صوبہ سندھ میں بس میں آگ لگنے کا ہولناک واقعہ، 18 افراد جان بحق
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) واجد تھاہیم نے بدھ کو واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں آٹھ بچے، نو خواتین اور دو مرد ہلاک ہوئے ہیں۔
سندھ: پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع جمشورو کے نوری آباد کے نزدیک ایک مسافر بس میں آگ لگ جانے سے آٹھ بچوں اور نو خواتین سمیت 18 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ ڈان نیوز نے پولیس کے حوالے سے اس واقعہ کی اطلاع دی ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوری آباد کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) واجد تھاہیم نے بدھ کو واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں آٹھ بچے، نو خواتین اور دو مرد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بس میں 80 سے زائد افراد سوار تھے جن کا مغیری برادری سے تعلق ہے اور وہ کراچی سے واپس خیرپور ناتھن شاہ جا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ آگ کوچ کے ایئر کنڈیشننگ سسٹم میں خرابی کے باعث لگی۔ انہوں نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو لیاقت یونیورسٹی اسپتال جمشورو پہنچا دیا گیا ہے۔ اس دوران امدادی کاموں کے لیے رضاکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے جمشورو کے ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر ایمبولینس کے ساتھ موقع پر پہنچنے اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واقعہ کی انکوائری رپورٹ طلب کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔