پاکستان: دہشت گردوں کا پشاور کے تھانہ پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار جان بحق
پولیس کے مطابق پشاور میں دہشت گردوں کے سربند تھانے پر دستی بموں سے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی سردار حسین اور ان کے دو محافظوں کی جان چلی گئی
پشاور: پاکستان کے شہر پشاور کے ایک تھانہ پر جمعہ کے روز دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں ڈی ایس پی سمیت تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق دہشت گردون نے سربند تھانے پر دستی بموں سے حملہ اور فائرنگ کی، جس نتیجے میں ڈی ایس پی بڈھ بیر سردار حسین اور ان کے دو محافذ ارشاد اور جہاں زیب جان بحق ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں دہشت گردوں کی جانب سے اسنائپرگن اور دستی بموں کا استعمال کیا گیا ہے بعد ازاں پولیس کی اضافی نفری اوربکتر بند گاڑیاں پولیس اسٹیشن سربند پہنچیں۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گرد پوری تیاری کے ساتھ آئے تھے اور ان کے پاس مہلک ہتھیاروں کے علاوہ نائٹ ویزن گلاس بھی تھے۔
پولیس کے مطابق 6 سے 8 دہشت گردوں نے تین اطراف سے تھانے پر حملہ کیا، حملے کی اطلاع پر ڈی ایس پی تھانے پہنچے اور گاڑی پارک کر کے پیدل آگے بڑھے کہ دہشت گردوں نے اسنائپر رائفلز سے انہیں نشانہ بنایا، گولیاں ان کے سر اور جسم پر لگیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے سے ہلاک تینوں اہلکاروں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز آفتاب نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پشاور کے سربند تھانے پر اسنائپرگنز کے زریعے فائرنگ کی اور تھانے میں 5 دستی بم پھینکے جن میں سے ایک پھٹا باقی 4 ناکارہ بنا دیے گئے۔ ایس ایس پی کے مطابق حملے کے بعد تمام دہشت گرد فرار ہو گئے اور آپریشن ختم کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں جاری سرچ آپریشن ختم کر دیا گیا ہے اور صبح دوبارہ سرچ آپریشن چلایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔