پاکستان: شہباز شریف نے وزارت سے ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے متعلق تفصیلات طلب کیں
شہباز شریف نے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر، پنجاب کے ضمنی انتخابات سے کچھ دن قبل پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دینے کے لیے وزارت خزانہ اور پٹرولیم سے تفصیلات طلب کی ہیں۔
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر، پنجاب کے ضمنی انتخابات سے کچھ دن قبل پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دینے کے لیے وزارت خزانہ اور پٹرولیم سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ شہباز شریف نے کہا، ’’میں نے پٹرولیم اور خزانہ کی وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں پی او ایل مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ یہاں کے لوگوں تک بھی پہنچائیں، جو پہلے سے ہی زبردست معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور ریلیف حاصل کرنا ان کا حق ہے۔
پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس پر وزیراعظم کی زیر صدارت ہوئی میٹنگ میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ دریں اثنا، ایک آئل مارکیٹنگ کمپنی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ انہیں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے اور 30 روپے فی لیٹر کی کمی کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر حکومت پٹرولیم لیوی فیس میں اضافہ نہیں کرتی ہے یا ان ایندھنوں پر ٹیکس نہیں لگاتی ہے تو قیمتیں کم ہوسکتی ہیں۔
دریں اثناء وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی منگل کو کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی سے متعلق تفصیلات بدھ کو ضروری کارروائی کے لیے وزیراعظم کو بھیجی جائیں گی۔ درحقیقت مہنگائی کا سامنا کرنے والے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بیل آؤٹ پیکج کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی سفارشات کو قبول کر لیا ہے۔ اس بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کی دو اہم شرائط میں سے ایک پٹرول اور ڈیزل پر دی جانے والی سبسڈی کو کم کرنا ہے۔ یہاں 26 مئی سے پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں 66 فیصد (یا 99 روپے)، 92 فیصد (132.39 روپے)، 95 فیصد (111.95 روپے) اور 80 فیصد (100.95 روپے) پر آسمان چھو رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Jul 2022, 2:20 PM