پاکستان: تھانے پر دہشت گردوں کا قبضہ، دو پولیس اہلکار ہلاک، دہشت گردوں نے جاری کیں تین ویڈیو

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں واقع شہر بنوں میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ایک پولیس اسٹیشن پر قبضہ کر لیا۔ اسی دوران یرغمال بنائے گئے دو پولیس اہلکار اور دیگر اہلکار مارے گئے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں واقع شہر بنوں میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ایک پولیس اسٹیشن پر قبضہ کر لیا۔ اسی دوران یرغمال بنائے گئے دو پولیس اہلکار اور دیگر اہلکار مارے گئے۔ مقامی میڈیا نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق اتوار کی سہ پہر کو اس واقعہ کو ان دہشت گردوں نے انجام دیا، جنہیں پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس سے ایک اے کے-47 رائفل چھین لی اور فائرنگ شروع کر دی۔ ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں ڈاکٹر اقبال نے کہا کہ باہر سے کوئی حملہ نہیں ہوا۔ پوچھ گچھ کے دوران ایک دہشت گرد نے پولیس سے رائفل چھین لی اور وہاں تعینات گارڈ کو دھمکانے کی کوشش کی۔


اس کے بعد اس نے کمپاؤنڈ کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے عمارت میں قید تمام مشتبہ افراد کو آزاد کر دیا۔ دہشت گردوں نے متعدد پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنا لیا۔ انہوں نے کہا کہ عمارت پر ان کا کنٹرول ہے اور ہم نے بنوں کی پوری چھاؤنی کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ انہیں بات چیت کے ذریعے مصروف رکھا گیا ہے۔

دہشت گردوں نے کم از کم تین ویڈیوز جاری کیں جن میں انہیں اے کے-47 رائفل اور میڈیم مشین گن سے مسلح دیکھا جا سکتا ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق، ایک ویڈیو میں ان دہشت گردوں نے ایک یرغمالی کو دکھایا اور سیکورٹی فورسز سے اسے محفوظ طریقے سے افغانستان پہنچنے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ بدلے میں یرغمالیوں کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ دہشت گردوں کے روابط کا پتہ نہیں چل سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔