پاکستان: لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عہدے کا حلف لیا
لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے جس کے بعد وہ لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئی ہیں
لاہور: جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لے لیا ہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں ایک تقریب کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے نئی چیف جسٹس کو حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔
لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی جج مقرر ہوئی تھیں اور انھیں 2015 میں مستقل جج تعینات کیا گیا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس عالیہ نیلم کو صوبہ پنجاب کی سب سے بڑی عدالت لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس نامزد کرتے ہوئے ان کے نام کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ کی لگ بھگ 150 برس کی تاریخ میں گنی چنی خواتین ہی جج بنیں لیکن ان میں سے جسٹس عالیہ نیلم پہلی خاتون ہیں جن کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔ اب تک پانچ خواتین لاہور ہائی کورٹ کی جج بن چکی ہیں۔
جسٹس عالیہ نیلم کون ہیں؟
فوجداری قانون میں مہارت رکھنے والی جسٹس عالیہ نیلم 12 نومبر 1966 کو پیدا ہوئیں۔ وہ 1995 میں وکالت کی ڈگری لینے کے بعد 1996 میں وکیل بنیں۔ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے مطابق انھوں نے آئینی معاملات، وائٹ کالر کرائم، دیوانی، فوجداری، انسداد دہشت گردی کے قوانین، نیب، بینکنگ جرائم، خصوصی مرکزی عدالتوں کے قانون اور بینکنگ قوانین سے متعلق پریکٹس کر رکھی ہے۔
اس کے مطابق ’بار میں پریکٹس کرتے ہوئے انھوں نے کامیابی کے ساتھ متعدد مقدمات لڑے جن میں دیوانی قانون، فوجداری قانون، بینکنگ قانون اور انسداد دہشت گردی کے قوانین شامل ہیں۔‘ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے مطابق انھوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 2009 سے فروری 2013 تک تقریباً 91 مقدمات، لاہور ہائی کورٹ میں تقریباً 850 مقدمات اور ٹرائل کورٹس میں تقریباً 1473 مقدمات لڑے۔ وہ 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈجسٹ جج مقرر ہوئیں اور انھیں 2015 میں مستقل جج تعینات کیا گیا۔
جسٹس عالیہ نیلم نے کئی اہم مقدمات پر فیصلے کیے۔ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کے الزام میں ضمانت منظور کرنے والے تین رکنی بنچ کی رکن تھیں۔ جسٹس عالیہ نیلم نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی نو مئی کے واقعات پر درج مقدمات کی انسداد دہشت گردی عدالت کے ضمانت مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ دیا اور ضمانت کی درخواستوں کو بحال کیا۔ جسٹس عالیہ نیلم نے نو مئی کے مقدمات میں گرفتار خواتین خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں۔
سپریم جوڈیشل کمیشن کی منظوری کے بعد پارلیمانی کمیٹی ان کی تعیناتی کی رسمی منظوری دے گی اور اس کے بعد صدر مملکت ان کی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے پر تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ پھر گورنر پنجاب ان سے اس عہدے کا حلف لیں گے۔ سپریم کورٹ کی جج مقرر نہ ہونے کی صورت میں وہ 11 نومبر 2028 کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔