پاکستان: کراچی میں زیادہ بھیک ملنے کے لیے شیرخوار بیٹی کو جلانے کا انسانیت سوز واقعہ، بھکاری گرفتار
کراچی میں پولیس نے ایک بھکاری کو گرفتار کیا ہے جس نے اپنی شیرخوار بیٹی کو لوگوں کی ہمدردی حاصل کرکے زیادہ بھیک ملنے کے لیے جلادیا تھا تاہم وہ بچی دوران علاج چل بسی
اسلام آباد: کراچی میں پولیس نے ایک بھکاری کو گرفتار کیا ہے جس نے اپنی شیرخوار بیٹی کو لوگوں کی ہمدردی حاصل کرکے زیادہ بھیک ملنے کے لیے جلادیا تھا تاہم وہ بچی دوران علاج چل بسی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) راؤ رفیق نے کہا کہ جمعرات کے روز ملزم چاند میاں کو متاثرہ بچی کی والدہ صاحبہ بانو کے بھائی محمد منظور کی شکایت پر گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق چاند میاں 26 جولائی کی صبح اپنی 18 ماہ کی بیٹی فائزہ کو معمول کے مطابق بھیک مانگنے کے لیے ساتھ لے گیا، جب وہ رات میں گھر واپس آیا تو شیرخوار بچی کے جسم پر جلنے کے متعدد نشانات تھے، جو جمعرات کو جناح ہسپتال میں دورانِ علاج چل بسی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے کہا کہ بظاہر یہ بچی کے ساتھ بدسلوکی اور غفلت کا معاملہ ہے، شیرخوار بچی غذائیت کی کمی کا شکار بھی تھی جبکہ اس کے جسم پر جلنے کے متعدد نشانات واضح تھے۔ ایس ایچ او زمان ٹاؤن نے کہا کہ ملزم منشیات کا عادی بھی تھا جبکہ مبینہ طور پر اس نے کورنگی میں کسی مقام پر اپنی بیٹی کو جلایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔