پاکستان: مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ، 50 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، اس فائرنگ میں 6 خواتین سمیت کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان میں ایک بار پھر معصوم لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ معاملہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کا ہے جہاں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس واقعہ میں کم از کم 50 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پہلے 15 لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی، لیکن اب یہ تعداد بہت بڑھ گئی ہے۔ پاکستانی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلہ پر یہ حملہ کیا گیا۔ حملہ اوچت کے مقام پر ہوا جہاں 6 خواتین سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس فائرنگ واقعہ میں کم از کم 3 خواتین سمیت 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سبھی زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی حکام نے علاقہ کی ناقہ بند کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش بھی شروع ہو گئی ہے۔ ابھی تک یہ نہیں پتہ چل سکا ہے کہ یہ حملہ کسی دہشت گرد تنظیم کی طرف سے کیا گیا ہے یا پھر کچھ الگ معاملہ ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ جانکاری ضرور سامنے آئی ہے کہ جن مسافر گاڑیوں پر حملہ ہوا ہے اس میں شیعہ مسلم سوار تھے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ شروعاتی رپورٹس میں ترجمان ڈی پی او احسان اللہ کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ فی الحال ہلاکتوں کی صحیح تعداد سے متعلق کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ حالانکہ انھوں نے یہ ضرور کہا کہ جس قافلہ پر فائرنگ ہوئی ہے اس میں مسافر گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس فائرنگ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رضاکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کارکنان راحت و بچاؤکاری کے لیے پہنچ گئے۔ انھوں نے فوری طور پر راحت رسانی کا کام شروع بھی کر دیا۔ سبھی زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال بھیجا گیا۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویش ناک بھی بتائی جا رہی ہے۔ اس درمیان صدر مملکت آصف زرداری نے فائرنگ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انھوں نے کُرّم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔ شہریوں پر ہوئے اس حملے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔