پاکستان عام انتخابات: ریزلٹ سے پہلے ہی نواز شریف نے اتحادی حکومت بنانے کا کیا اعلان، سیاسی سرگرمیاں تیز
نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات تقاضہ کرتے ہیں کہ سبھی مل کر ملک کو بھنور سے نکالیں، ہم سبھی پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور دعوت دیتے ہیں کہ زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالیں۔
پاکستان میں عام انتخاب اور اسمبلی انتخاب کے مکمل نتائج ابھی تک برآمد نہیں ہو سکے ہیں۔ کچھ مقامات پر ووٹوں کی گنتی اب بھی جاری ہے اور الیکشن کمیشن کے ذریعہ حتمی طور پر ریزلٹ جاری کیا جانا باقی ہے۔ اس درمیان پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔
پاکستانی میڈیا چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو پارٹیاں کامیاب ہوئی ہیں ان کو بھی دعوت دیں گے تاکہ مل کر حکومت بنائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ذمہ داری گئی ہے کہ وہ آج ہی آصف زرداری سے ملاقات کریں اور حکومت سازی کے لیے حالات سازگار بنائیں۔
نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’موجودہ حالات تقاضہ کرتے ہیں کہ سب مل کر ملک کو بھنور سے نکالیں۔ ہمیں صرف مرکز میں اکثریت نہیں ملی ہے، بلکہ پنجاب میں بھی ملی ہے۔ مرکز میں ہم بڑی جماعت ہیں اور پنجاب میں بھی بڑی جماعت ہیں۔‘‘ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ملک کو بھنور سے نکالنے کی تدبیر کریں۔ پہلے بھی ملک کو بھنور سے نکالا، آج بھی تدبیر کر رہے ہیں۔ سبھی جماعتوں کے مینڈیٹ کا ہم احترام کرتے ہیں، انھیں دعوت دیتے ہیں کہ زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ساتھ بیٹھیں۔‘‘
نواز شریف نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔ ہم نے ملک کے لیے کیا کیا اور کون سے منصوبے بنائے، سبھی کو معلوم ہے۔ اچھی طرح معلوم ہے کہ مسلم لیگ نواز کا ٹریک ریکارڈ کیا ہے۔ معاشی، دفاعی، معاشرتی نظام سمیت ہر شعبے میں ملک کی ہم نے خدمت کی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ہم بار بار اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ ملک میں انتخابات کروائیں۔ جو لوگ لڑائی کے موڈ میں ہیں، ہم ان کے ساتھ لڑنا نہیں چاہتے۔ ہمیں ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنے ہوں گے، صورتحال مستحکم کرنے کے لیے کم از کم 10 سال چاہیے۔
اس درمیان پاکستانی میڈیا ’جیو نیوز‘ نے اپنی ایک خبر میں بتایا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 91 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ-نواز 63 اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اب تک 50 نشستیں حاصل کی ہیں۔ ان کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 11، مسلم لیگ (ق) 2، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور جے یو آئی (ف) 2 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔ جماعت اسلامی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے اب تک قومی اسمبلی میں کوئی نشست نہیں لی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔