پاکستان کے وفاقی وزیربرائے مذہبی امورمفتی عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق
مفتی عبدالشکور کل شب میریٹ ہوٹل سے شاہراہ دستور پر سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے کہ اس دوران میں ایک تیز رفتارہ گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی کار کو ٹکر مار دی۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی مولانا مفتی عبدالشکور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و امیر جے یو آئی فاٹا مفتی عبدالشکور کی نماز جنازہ اتوار کے روزدن 2 بجے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مفتی عبدالشکور ہفتہ کی شب میریٹ ہوٹل سے شاہراہ دستور پر سیکرٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے کہ اس دوران میں ایک تیز رفتارہ گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی کار کو ٹکر مار دی۔
وفاقی وزیر کے ساتھ گاڑی میں ڈرائیور اور محافظ بھی ساتھ تھے جو حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جس گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری اُس میں سوار پانچ میں سے تین افراد کو چوٹیں آئیں جن کی حالت خطرے کے باہر ہے۔ انھیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ فوری طور پر ان کی شناخت نہیں بتائی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ وفاقی وزیر اپنی کار خود چلا رہے تھے۔ انھیں شدید زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم مفتی عبدالشکورکا تعلق پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جماعت جمعیت علماء اسلام سے تھا اور وہ صوبہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، انھیں گذشتہ سال اپریل میں وزیراعظم میاں شہبازشریف کی کابینہ میں وفاقی وزارت مذہبی امور کا قلم دان سونپا گیا تھا۔
دریں اثناء صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مفتی عبدالشکور کی حادثاتی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔اس کے علاوہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آئی جی اسلام آباد کو واقعے کی مکمل تحقیقیات کی ہدایات دی ہیں۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی مفتی عبدالشکور کی ناگہانی وفات پر ان کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین کے سفیر نے اسلام آباد میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی اور ان سے مفتی عبدالشکورکی وفات پرتعزیت کا اظہارکیا۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔