پاکستان: کراچی سے ایبٹ آباد جانے والی ایکسپریس ٹرین پٹری سے اتر گئی، اب تک 15 افراد ہلاک، 50 زخمی
پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں 50 مسافر زخمی ہوئے ہیں
اسلام آباد: پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں 50 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ کراچی سے ایبٹ آباد جانے والی ٹرین سندھ کے ضلع سانگھڑ کے قصبے سرہڑی کے قریب پٹری سے اتر گئی۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین حادثے کے بعد سندھ کے اندرون اضلاع آنے اور جانے والی ٹرینوں کا آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ افراد کو نواب شاہ کے پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا، مزید افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے، حکام کا کہنا ہے کہ پٹری سے اترنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
ریلوے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ سکور محمود الرحمان نے تصدیق کی کہ ٹرین حادثے میں 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگیوں سے مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی کوششیں جاری ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد نزدیکی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
رحمان نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے لوکو شیڈ روہری سے ایک ٹرین موقع پر پہنچ رہی ہے۔ جائے حادثہ تک پہنچنے میں کم از کم تین گھنٹے لگیں گے۔ تازہ ترین حادثہ کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اترنے کے ایک روز بعد پیش آیا ہے۔ اس حادثے میں بھی کوئی زخمی نہیں ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔