پاکستان انتخابات LIVE: ہندوستان کے ایک قدم کے بدلے ہم دو قدم بڑھیں گے... عمران
پاکستان میں پولنگ ختم ہونے کے 10 گھنٹے بعد نتائج کے اعلان کا آغاز ہوا، الیکشن کمیشن کے مطابق پہلی مرتبہ متعارف کروائے جانے والے نظام میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے نتائج کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔
پاکستان میں بدھ کو عام انتخابات کے لئے ہوئی پولنگ اختتام پزیر ہونے کے بعد سے ملک بھر میں ووٹ شماری کا عمل جاری ہے۔ ابھی تک کے رجحانات کے مطابق عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ وہ اب وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لئے مطلوبہ واضح کثریت سے کچھ قدم دور رہ گئے ہیں۔
رجحانات میں پیچھے ہونے کے بعد سے ہی نواز شریف کی پارٹی پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کی طرف سے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور پارٹی کے سربراہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے غیر منصفانہ اور بے ایمانی والے انتخابات ہیں۔
ہندوستانی اداکار رشی کپور نے عمران خان کو مبارکباد پیش کی
ہندوستان کے مشہور و معروف اداکار رشی کپور نے پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے سربراہ عمران خان کے ذریعہ الیکشن کے بعد کیے گئے خطاب کی تریف کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”آپ نے بہت اچھی بات کہی۔ ہندوستان و پاکستان کے تعلق سے جو کچھ آپ نے کہا میں وہی دو دنوں سے ٹیلی ویژن پر کہہ رہا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے ملک اور میرے ملک کے درمیان بہتر رشتہ استوار کرنے کی طرف قدم بڑھائیں گے۔“
عمران نے کہا 'یہ الیکشن پاکستان کا سب سے صاف اور شفاف الیکشن'
پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے عوام سے اپنے خطاب کے دوران اس الیکشن کو پاکستان کی تاریخ میں سب سے صاف اور شفاف قرار دیا اور مخالف پارٹیوں کے ذریعہ بدعنوانی کے الزام کو غلط ٹھہرایا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ مخالف پارٹی لیڈران کو جس بھی حلقہ میں بدعنوانی کا شک ہے اس کے بارے میں بتائیں، میں خود وہ حلقہ کھلواوں گا، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔
ساری پالیسی غریب طبقہ کو دھیان میں رکھ کر بنے گی: عمران
آئندہ حکومت کو سادگی پسند حکومت بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری جو بھی پالیسی ہوگی وہ غریب طبقہ کو دھیان میں رکھ بنائی جائے گی نہ کہ ایلیٹ طبقہ کے مدنظر۔ انھوں نے مزید کہا کہ نچلے طبقات کے لوگوں کو اونچا اٹھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
احتساب مجھ سے شروع ہوگا: عمران خان
عمران خان نے پی ٹی آئی سے کامیاب ہونے والی امیدواروں اور اہم لیڈروں کے احتساب کی بات عوام سے خطاب کے دوران کہی اور کہا کہ سب سے پہلے میں اپنا احتساب کروں گا اور پھر دیگر پارٹی لیڈروں کا احتساب ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ یہ حکومت سادگی پسند حکومت ہوگی جو بیجا اصراف سے بچے گی اور عوام کے ٹیکس کا پیسہ ان کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہی خرچ کیا جائے گا۔
عمران نے چین کی تعریف کی، ہندوستان سے کہا 'ہم بہتر رشتہ چاہتے ہیں'
پاکستان کے ممکنہ وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ممالک سے رشتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے سب سے پہلے چین ک تذکرہ کیا اور اس کی بھرپور تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح چین نے اپنے یہاں روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا کیے ہیں اور جس طرح اس نے اپنے ملک کو ترقی عطا کی ہے پاکستان اسی طرح آگے بڑھنے کی کوشش کرے گا۔ اس کے بعد انھوں نے افغانستان میں بہتر حالات پیدا کرنے کی کوشش پر زور دیا اور سعودی عرب کو اپنا بہترین دوست بتایا۔ آخر میں ہندوستان کا تذکرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم اس ملک سے بہتر رشتہ چاہتے ہیں اور کشمیر جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ ہے اس پر آمنے سامنے بیٹھ کر بات کرنا چاہتے ہیں۔
میں پاکستان کو مدینہ جیسا بنانا چاہتا ہوں: عمران خان
پی ٹی آئی سربراہ نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو اس مدینہ جیسا بنانا چاہتا ہیں جسے محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بہترین نظام عطا کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں رسول اللہ کو دل سے مانتا ہوں اور انھوں نے جو نظام حکومت مدینہ میں قائم کیا تھا اس سے بہتر کوئی نظام نہیں ہو سکتا۔ میں پاکستان میں بھی اسی نظام حکومت پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔
کسی مخالف کے خلاف بدلے کی کارروائی نہیں ہوگی: عمران خان
عمران خان عوام سے اپنے خطاب کے دوران کہہ رہے ہیں کہ ان کے اوپر کئی طرح کے الزامات عائد کیے گئے اور کئی طرح کے ذاتی حملے کیے گئے لیکن وہ اب سبھی کو بھلا چکے ہیں اور کسی سے بدلے کی کارروائی نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ قانون کا صحیح استعمال کیا جائے گا اور کسی کے خلاف قانون کا استعمال بدلہ لینے کے لیے نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں ایسے ادارے قائم کریں گے جو اس ملک کا گورننس سسٹم ٹھیک کریں گے۔
اللہ کا شکرگزار ہوں: عمران خان
پی ٹی آئی سربراہ عمران خان اس وقت پاکستان کے عوام سے براہ راست خطاب کر رہے ہیں۔ انھوں نے اس موقع پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ 22 سالہ جدوجہد کے بعد انھیں کامیابی ملی۔ انھوں نے کہا کہ اب پاکستان کو ویسا بنایا جائے گا جیسا کہ قائد اعظم نے سوچا تھا۔ ملک کے غریب طبقات پر زیادہ توجہ دی جائے گی جو مختلف مسائل میں مبتلا ہیں۔
آگے کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے عمران نے میٹنگ بلائی
عمران خان کے لیے پاکستان کا وزیر اعظم بننے کا راستہ دھیرے دھیرے ہموار ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان ٹی وی اے آر وائی کے مطابق اس وقت پی ٹی آئی 120 سیٹوں پر یا تو فتح حاصل کر چکی ہے یا سبقت بنائے ہوئی ہے۔ پی ایم ایل این اور پی پی پی بہت پیچھے ہیں۔ اب جب کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے تو پارٹی سربراہ عمران خان نے اپنی رہائش بنی گالا میں اہم لیڈروں کی میٹنگ طلب کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اس میٹنگ میں آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ اس میٹنگ میں انھوں نے انتخاب میں کامیاب ہونے والے سبھی امیدواروں کو بھی مدعو کیا ہے۔
عمران خان نے ’کھلاڑیوں‘ کا اجلاس طلب کر لیا
پاکستان میں ہئے عام انتخابات کے نتائج میں پی ٹی آئی کی جیت کے اشارے ملنے پر پارٹی سربراہ عمران کھان نے بنی گالہ واقع اپنی رہائش پر ’کھلاڑیوں‘ یعنی کہ پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کر لای ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران حکومت سازی کے حوالہ سے غور و خوض کیا جائے گا۔
کہا جا رہا ہے کہ عمران خان اس اجلاس میں پارٹی رہنماؤں سے کہیں گے کہ وہ پجناب کے آزاد امیدواروں سے رابطہ قائم کریں اور ان کی حمایت کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں انتخابات میں حزب اختلاف کی طرف سے دھاندلی کے الزامات سے نمنٹنے کے لئے بھی حکمت عملی بنائی جائے گی۔
واضح رہی کہ مسلم لیگ ن نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کر کے نتائج کو مسترد کر دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات 100 فیصد شفاف اور غیر جانب دارانہ طریقہ سے ہوئے ہیں۔
عمران نے 5 سیٹوں سے انتخاب لڑا اور سبھی پر کامیاب
عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی نے فتح کا پرچم تو گاڑ ہی دیا ہے ساتھ ہی عمران خان نے بھی پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انھوں نے 5 سیٹوں سے انتخاب لڑنے اور سبھی پر کامیابی حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان سے پہلے ذوالفقار علی بھٹو نے 4 سیٹوں سے انتخاب لڑا تھا جن میں سے 3 پر انھین کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
شہباز شریف کی پنجاب سے بھی ہار
مسلم لیگ کے سربراہ شہباز شریف خیبر پختونخوا کے بعد اب پنجاب سے بھی قومی اسمبلی کی نشست پر ہار گئے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 192 پر انہیں محض 67608 ووٹ حاصل ہو پائے جبکہ ان کے حریف تحریکِ انصاف کے سردار محمد خان لغاری نے 80522 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
وہ اسباب جنہوں نے عمران خان کو عوام کی پہلی پسند بنا دیا:
پاکستان میں عمران خان کی جیت کو بدعنوانی اور کنبہ پروری کے خلاف عوامی انقلاب قرار دیا جا رہا ہے۔ شریف اور بھٹو خاندان کے خلاف بدعنوانی کے مسلسل منظر عام پر آتے معاملات نے عمران خان کی جیت کو ہموار کر دیا۔
آئیے نظر ڈالتے ہیں ان اسباب جن کی بنا پر عمران خان عوام کی پہلی پسند بن گئے:
- شریف اور بھٹو خاندان کا یکے بعد دیگرے بدعنوانی کے معاملات میں ملوث پایا جانا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بدعنوانی کے ہی معاملہ میں کرسی گنوانی پڑی اور جیل بھی جانا پڑ گیا۔ ادھر عمران خان کے خلاف بدعنوانی کا کوئی معاملہ نہیں ہے اور ان کی شبیہ صاف ستھری ہے۔
- کنبہ پروری کے خلاف مینڈیٹ: بھٹو اور شریف خاندان ایک زمانہ سے پاکستان کے اقتدار پر قابض ہیں۔ فوج کی بالادستی کے باوجود ان دونوں خاندانوں نے طویل مدت تک راج کیا۔ لہذا اب عوام اس سے چھٹکارا پانا چاہتی تھی۔ عمران خان کی جیت کو کنبہ پروری کے خلاف مینڈیٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
- فوج اور قدامت پسندوں کی حمایت: پاکستان کے عام انتخابات میں فوج اور قدامت پسندوں نے تحریک انصاف کو کھل کر حمایت دی۔ انتخابات کے دوران عمران خان نے کوئی بیان فوج کے خلاف نہیں دیا اور نواز شریف کے فوج کے خلاف دئے بیانوں سے انہوں فائدہ اٹھانے کی بھی کوشش کی۔
- نوجوانوں کو مائل کرنے میں کامیاب: عمران خان کا نوجوانوں میں کافی اثر ہے۔ ان کو کرکٹ کا آئیکون مانا جاتا ہے۔ دوسری طرح سماجی شعبہ میں کام کرنے والے اور فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ لوگوں نے نے بھی عمران خان کو حمایت دی۔
پی ٹی آئی کی سبقت برقرار
ابھی تک کے رجحانات کے مطابق پی ٹی آئی 122، پی ایم ایل این 60 اور پی پی پی 35 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ 58 سیٹوں سے آزاد اور دیگر جماعتوں کے امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ قومی اسمبلی کی کل 272 نشستون میں سے 267 کے رجحانات سامنے آ چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو، ایم ایم اے کے فضل الرحمن اور جماعت اسلامی کے سراج الحق اپنی اپنی سیٹ سے انتخاب ہار گئے ہیں۔
حکومت سازی کے لئے 137 نشستیں درکار
پاکستان کی قومی اسمبلی میں کل 342 ارکان ہوتے ہیں جن میں سے 272 کو براہ راست منتخب کیا جاتا ہے جبکہ بقیہ 60 سیٹیں خواتین اور 10 سیٹیں ہندوؤں وہ دیگر اقلیتوں کے لئے مختص ہیں۔ عام انتخابات میں 5 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے والی جماعتیں ان مختص سیٹوں پر تناسب کے مطابق اپنے نمائندان کو بھیج سکتی ہیں۔
موجودہ صورت حال میں کوئی بھی پارٹی اپنے بلبوتے حکومت سازی تبھی کر سکتی ہے جب اسے 137 نشستیں حاصل ہوں گی، بصورت دیگر اسے مخلوط حکومت بنانی ہوگی۔ عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کو انتخابات میں برتری حاصل ہوئی ہے لہذا فی الحال تو وہی قومی اسمبلی کے نئے کپتان نظر آ رہے ہیں۔
اب تک آنے والے صوبائی اسمبلیوں کے نتائج
اب تک موصول ہونے والے غیرحتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے نتائج حسبِ ذیل ہیں:
خیبر پختونخوا
تحریکِ انصاف۔ 15
عوامی نیشنل پارٹی۔ 2
آزاد۔ 1
پنجاب
مسلم لیگ ن۔ 9
تحریکِ انصاف۔ 7
سندھ
پیپلز پارٹی۔ 7
بلوچستان
بلوچستان عوامی پارٹی۔ 2
بلوچستان نیشنل پارٹی۔ 1
پاکستانی عوام نے حافظ سعید کو مسترد کر دیا
پاکستان میں پولنگ کے بعد ووٹ شماری کا عمل جاری ہے اور رجحانوں کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی سیاستی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی عوام نے حافظ سعید کی پارٹی کو سرے سے نکار دیا ہے۔
ممبئی حملہ کے ملزم حافظ سعید کا ایک بھی امیدوار جیت کی حالت میں نظر نہیں آ رہا ہے، یہاں تک کہ سعید کا بیٹا حافظ طلحہ اور داماد خالد ولید بھی ہار کی کگار پر ہیں۔
حافظ سعید نے پاکستان کی 265 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے تھے۔ رجحانات کے مطابق ان کا کوئی بھی امیدوار سبقت بناتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ حافظ سعید نے اللہ اکبر تحریک (اے اے ٹی) کے ذریعہ اپنے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اترا ہے۔
رجحانات میں پیچھے رہ جانے کی وجہ سے حافظ سعید کو سخت دھچکا لگا ہے جو انتخابات کے ذریعہ پاکستان کے اقتدار میں حصہ داری کی فراق میں تھا۔ پاکستان میں تمام اہم سیاسی جماعتوں کی رسہ کشی کو دیکھتے ہوئے حافظ سعید کو لگتا تھا کہ اس بار وہ حکومت میں براہ راست نہیں تو بالواسطہ طور پر تو پہنچ ہی سکتا ہے لیکن پاکستانی عوام نے اس کی پارٹی کو پوری طرح مسترد کر دیا ہے۔
عمران خان واضح اکثریت کے کافی نزدیک
عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف واضح اکثریت کے ساتھ حکومت سازی کی طرف گامزن ہے۔ انتخابی نتائج کے پیش نظر عمران خان کی حفاظت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حزب اختلاف نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 2013 کے انتخابات میں عمران خان کی پارٹی کو محض 33 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔
پاکستان میں عام انتخابات 2018 کے پہلے سرکاری نتیجے کا اعلان سکریٹری الیکشن کمیشن نے پولنگ ختم ہونے کے 10 گھنٹے کے بعد صبح چار بجے کیا۔ لیکن اس وقت تک پاکستان تحریکِ انصاف کے ووٹر اور کارکنان اپنے کپتان عمران خان کی جیت پر جشن منانا شروع کر چکے تھے۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے دھاندلی کا الزام لگانا شروع کر دیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے تو یہاں تک کہا کہ وہ نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔
عمران خان کی جماعت انتخابات میں جیت کے لئے پرامید تو ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے یہ بھی نظر آ رہا ہے کہ اسے قومی اسمبلی میں واضح برتری حاصل نہیں ہو گی اور اس طرح اگر یہی ٹرینڈ رہا تو انہیں مخلوط حکومت کے لیے دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنا پڑ سکتا ہے۔ حالانکہ اس تعلق سے حتمی طور پر صرف سرکاری اور حتمی نتائج آنے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔
صوبائی انتخابات کے حوالے سے اگرچہ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف نے پہلے سے کافی زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں لیکن پھر بھی صوبوں میں برتری تقریباً انہی جماعتوں کی نظر آ رہی ہے جن کی پہلے بھی وہاں اکثریت تھی۔
بی بی سی اردو کے مطابق نتائج کے آنے میں تاخیر کی وجہ سکریٹری الیکشن کمیشن نے اپنے آر ٹی ایس سسٹم میں خرابی بتائی لیکن اس خرابی نے سیاسی جماعتوں کے دلوں میں شکوک پیدا کر دیے۔
اب سوال یہ ہے کہ الیکشن کمیشن دوسری جماعتوں کے الزامات اور شکایتوں کا ازالہ کس طرح کرے گا اور اگر ہارنے والی دیگر بڑی جماعتوں نے مل کر دھاندلی اور غیر منصفانہ پولنگ کا الزام لگایا تو پھر کیا لائحہ عمل ہوگا۔ پاکستان کا الیکشن 2018 جو پہلے ہی سے متنازع تھا اب مزید متنازع ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو: پاکستان انتخابات کے نتائج کی براہ راست نشریات کے لئے مندرجہ ذیل ویڈیو پر کلک کریں
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔