پاکستان: محرم کے جلوس میں دھماکہ، 5 افراد ہلاک، 50 سے زائد زخمی
ایک مقامی پولیس افسر محمد اسعد اور شیعہ لیڈر خاور شفقت نے بم دھماکوں کی تصدیق کی ہے، چشم دید لوگوں کے مطابق شہر میں کشیدگی کافی بڑھ گئی ہے، شیعہ طبقہ حملے کے بعد بدلہ لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پاکستان سے ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آ رہی ہے جس میں بتایا جا رہا ہے کہ محرم کے جلوس میں زوردار بم دھماکہ کے سبب 5 شیعہ مسلمان ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ 50 سے زائد لوگ اس دھماکہ میں زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت سنگین ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق پاکستان کے پنجاب واقع بہاول نگر میں جمعرات کو جب شیعہ مسلمانوں کا جلوس اپنی منزل کی طرف بڑھ رہا تھا تو سڑک کنارے زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد ہر طرف چیخ و پکار کی حالت پیدا ہو گئی۔
ایک خبر رساں ادارہ کے مطابق وسطی پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے جلوس میں ہوئے دھماکہ کے دوران تین لوگوں کی ہلاکت سے متعلق مقامی پولیس نے تصدیق کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس دھماکہ کے بعد کی کچھ ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جس میں زخمی افراد اِدھر اُدھر بیٹھے ہوئے ہیں اور مدد کے لیے انتظار کر رہے ہیں۔ ایک مقامی پولیس افسر محمد اسعد اور شیعہ لیڈر خاور شفقت نے بم دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔ چشم دید لوگوں کے مطابق شہر میں کشیدگی کافی بڑھ گئی ہے۔ شیعہ طبقہ حملے کے بعد بدلہ لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن ابھی تک یہ نہیں معلوم ہو سکا ہے کہ یہ حملہ کس نے کیا۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان کو نہیں، جتنا کوسنا ہے امریکہ کو کوسیے
خاور شفقت کا کہنا ہے کہ حملہ اس وقت ہوا جب شیعہ طبقہ کا جلوس بھیڑ بھاڑ والے علاقہ مظاہر کالونی سے نکل رہا تھا۔ انھوں نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی۔ خاور نے واقعہ کے بعد حکومت سے محرم کے جلوسوں کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ علاقہ کی مواصلااتی خدمات پہلے سے ہی بند ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے پر غلط فہمی کا بازار گرم نہ ہو۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Aug 2021, 5:12 PM