پاکستان: بلوچستان میں مسافر بس اندوہناک حادثہ کا شکار، 28 افراد ہلاک

صوبہ بلوچستان کے ضلع واشک میں ایک مسافر بس حادثہ کا شکار ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ حادثہ کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک جبکہ دیگر 22 زخمی ہو گئے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد: پاکستان میں صوبہ بلوچستان کے ضلع واشک میں ایک مسافر بس حادثہ کا شکار ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ حادثہ کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک جبکہ دیگر 22 زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور بس کا ٹائر پھٹ جانے ی وجہ سے پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ڈان کی رپورٹ کے زخمیوں اور میتوں کو سول ہسپتال بسیمہ منتقل کیا گیا، طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جس کے باعث اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔


اسسٹنٹ کمشنر بسیمہ اسمٰعیل مینگل نے بتایا کہ مسافر کوچ رات کو تربت سے روانہ ہوئی تھی، اور صبح 4 بجے کے قریب حادثہ پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر موبائل نیٹ ورک اور قریب کوئی آبادی نہ ہونے کے باعث اطلاع تاخیر سے موصول ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع واشک میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے وزیرا عظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔


دریں اثنا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بس حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرا دکھ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلٰی بلوچستان نے ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، سرفراز بگٹی نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔