’ہمارا پلان سی تیار، 8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا‘، عام انتخابات میں کامیابی کو لے کر عمران خان پُرامید

پاکستان کے نگراں وزیر اعظم کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، الیکشن سے پہلے قیاس آرائیاں ہوتی ہیں، انتخابات ہو جائیں تو عالمی مبصرین شفافیت سے متعلق خود جان جائیں گے۔

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے تعلق سے ہمارا پلان سی بھی تیار ہے اور 8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا۔ وہ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ لندن پلان کے تحت جمہوریت کو روندا جا رہا ہے، انتخابی مہم شروع ہونے کے باوجود ہمارے لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، 9 مئی کے واقعات میں عورتوں اور بچوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، کیپٹل ہل واقعہ میں سی سی ٹی وی کی مدد سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔

عمران خان نے عام انتخاب کی تیاریوں سے متعلق واضح الفاظ میں کہا کہ ہمارا پلان سی بھی تیار ہے، 8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا۔ شیر افضل مروت اور پارٹی ترجمان رؤف حسن کے بیانات سے متعلق عمران خان نے کہا کہ شیر افضل مروت جذباتی ہیں، انہیں کراچی سے لاہور آنا ہوتا اور پہنچ جاتے ہیں کوئٹہ، ان کی باتوں پر ہمیں وضاحت دینا پڑتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا حکومت گرائے جانے کے باوجود جنرل باجوہ سے مذاکرات کیے۔ جنرل باجوہ سے ہم نے کہا تھا کہ صاف اور شفاف انتخابات مسائل کا حل ہیں، جس پر جنرل باجوہ نے مقدمات کی دھمکی دی تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا حکومت گرانے کی سازش کو بے نقاب کرنا غداری ہے؟ عمران  خان نے سائفر کیس میں جیل میں ٹرائل کو براہ راست دکھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں قوم کو پتہ چلے کہ کیا ہو رہا ہے۔


اس درمیان ایسے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ عام انتخاب 8 فروری کی جگہ کسی دوسری تاریخ کے لیے ملتوی ہو سکتے ہیں۔ اس معاملے میں پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابات کرانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے اور الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے امریکی ٹی وی سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے اور الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کے لیے تمام ضروری انتظامات کر چکا ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔ الیکشن سے پہلے قیاس آرائیاں ہوتی ہیں، انتخابات ہو جائیں تو عالمی مبصرین شفافیت سے متعلق خود جان جائیں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، فروری میں ہونے والے انتخابات معاشی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔