کراچی طیارہ حادثہ: بدقسمت پرواز کے دو خوش قسمت مسافر، ایک کمال امروہی کے رشتہ دار
ہندوستان میں ان کے رشتہ دار عادل ظفر نے بتایا کہ ظفر مسعود کا خاندان 1952 میں پاکستان چلا گیا تھا۔ ممبئی میں ڈاکیو منٹری فلم بنانے والے عادل ظفر مسعود کی والدہ کے چچازاد بھائی ہیں۔
کراچی طیارہ حادثے کی خبر نے پاکستان کی فضا کو سوگوار کر دیا ہے۔ اس حادثے میں معروف صحافی انصار نقوی سمیت 99 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ اس بدقسمت طیارے پر سوار دو افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔ زندہ بچ جانے والے ان دو قسمت افراد میں ایک بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود اور دوسرے انجینئر محمد زبیر ہیں۔
ظفرمسعود پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے معروف اداکار منور سعید کے صاحبزادے ہیں اور ان کا تعلق ہندوستان کے شہر امروہہ سے ہے۔ ظفر مسعود ہندوستان کے مایہ ناز فلم ساز کمال امروہی کے خاندان سے ہیں۔ 45 سالہ ظفر مسعود کو حادثے میں زخمی ہونے پر فوری طور پر سی ایم ایچ ملیر منتقل کیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ہندوستان میں ان کے رشتہ دار عادل ظفر نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ظفر مسعود کا خاندان 1952 میں پاکستان چلا گیا تھا۔ ممبئی میں ڈاکیو منٹری فلم بنانے والے عادل ظفر مسعود کی والدہ کے چچازاد بھائی ہیں۔ عادل ظفر نے کہا کہ وہ 2015 میں کراچی میں مسعود سے ملے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ظفر مسعود ہندوستان کو کافی پسند کرتے ہیں اور اپنے آبائی گھر کو دیکھنے کے لئے امروہہ آنے کے خواہش مند ہیں۔ ظفر مسعود کا خاندان امروہہ کے سدو محلہ سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کے دادا مسعود حسن وکیل تھے۔
واضح رہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی خصوصی پرواز ’پی کے 8303‘ منزل پر پہنچنے سے ایک منٹ قبل حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ پی آئی اے کا یہ طیارہ ’ائیر بس اے 320‘ کراچی ائیر پورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا۔
طیارے میں عملے سمیت 99 افراد سوار تھے جاں بحق ہونے والے 97 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے۔ پی آئی اے کے طیارے نے دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر لاہور ائیر پورٹ سے اڑان بھری، اس میں 91 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ دوپہر 2 بج کر 37 منٹ پر کراچی ائیر پورٹ کے رن وے سے متصل آبادی ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور وہاں آگ لگ گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 May 2020, 7:40 PM