پاکستان کابینہ میں وسیع رد وبدل، خزانہ، امور داخلہ اور اطلاعات کےلئے نئے چہرے
پاکستان کی عمران خان کابینہ میں اہم پھیر بدل کر کے خزانہ، امور داخلہ اور اطلاعات جیسی اہم وزارتوں میں نئے چہروں کو جگہ دی گئی ہے۔
اسلام آباد: پاکستان کی عمران خان کابینہ میں اہم پھیر بدل کر کے خزانہ، امور داخلہ اور اطلاعات جیسی اہم وزارتوں میں نئے چہروں کو جگہ دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر کی وزارت تبدیل کرنے کی تجویز پر استعفی دینے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد جمعرات کی دیر رات کابینہ میں بڑے ردوبدل کا اعلان کیا گیا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری کو ہٹا کر انہیں سائنس اور ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو وزیرخزانہ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں اور سرحدی علاقوں کا وزیر بنا دیا گیا ہے۔
حکومت نے پہلی بار علاحدہ مرکزی وزیر داخلہ کا عہدہ تشکیل دیا ہے ، اس سے پہلے وزیر اعظم ہی اس عہدے پر مامور ہوتے تھے۔ یہ عہدہ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اعجاز احمد شاہ کو تفویض کیا گیا ہے جنہیں گزشتہ مہینے ہی پارلیمانی امور کا وزیر بنایا گیا تھا۔
غلام سرور خان کو شہری ہوا بازی کا وزیر بنایا گیا ہے جس کے پاس پہلے وزارت پٹرولیم کا چارج تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ غلام سرور نے کابینہ سے ہٹائےجانے پر پارٹی سے استعفی دینے کی دھمکی دی تھی جس کی وجہ سے انہیں ایوی ایشن کی وزارت سپرد کی گئي ہے۔
گزشتہ سال سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت سے استعفی دینے والے اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم کے خصوصی مشیر کے طور پر تین لوگوں کو مقرر کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان تینوں میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو اطلاعات و نشریات ڈویژن، ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا کو قومی صحت خدمات، قوانین و کوآرڈنیشن اور ندیم بابر کو پٹرولیم ڈویژن کے لئے خصوصی معاون مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقتصادی پالیسیوں اور بلوچستان میں بڑے دہشت گردانہ حملے کے نتائج پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی سخت تنقید کے بعد کابینہ میں یہ وسیع ردوبدل کیا گیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے کابینہ میں الٹ پھیر کئے جانے کی قیاس آرائی کی جا رہی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔