عمران خان آؤٹ، تحریکِ عدم اعتماد کامیاب، نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج

وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی وزیراعظم تحریک عدم اعتماد کی منظوری کی وجہ سے اقتدار سے باہر ہوا ہے ۔ دیر رات گئے پاکستانی قومی اسمبلی کے اجلاس میں 174 ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ دیکر ان پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ۔

واضح رہے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی منظوری کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ آج نئی صبح طلوع ہو رہی ہے اور نئی حکومت کسی کے خلاف بدلے کی نیت سے کوئی کارروائی نہیں کرے گی لیکن قانون اپنا کام کرے گا۔


کل دن بھر ہنگامہ کی صورت رہی اور گھنٹوں کے اعتبار سے سیاسی تبدیلیاں رونما ہوتی رہیں یہاں تک کے کل پاکستانی سپریم کورٹ کے سیکریٹریٹ نے آدھی رات کے بعد اپنی کاررروائی کے لئے عدالت کو کھولے رکھنے کا عمل شروع کیا۔ آخر میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے استعفوں کے بعد پینل میں شامل لوگوں میں سے سردار ایاز صادق کو کارروائی کے لئے منتخب کر کے تحریک عدم اعتماد پر ووتنگ کرائی۔تحریک پر ووٹنگ کے بعد چیئرمین آف پینل میں شامل سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا ہے۔

اجلاس میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔واضح رہےمتحدہ اپوزیشن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو قائدِ ایوان کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔


دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ یہ عارضی شکست ہے۔ عمران خان دو تہائی اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عمران خان پر فخر ہے کہ انہوں نے حکومت قربان کر دی لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں کی۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بہت جلد عمران خان عوام کی طاقت سے اسی کرسی پر دوبارہ براجمان ہوں گے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو سامراج اور امریکہ کے سامنے کھڑے ہیں۔

قومی اسمبلی میں وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ویلکم بیک ٹو پرانا پاکستان۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔