غیر شرعی نکاح کیس: عدالت کا عمران خان کی اہلیہ کی عدم پیشی پر اظہار برہمی

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر شرعی نکاح کیس میں پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ کی عدالت میں عدم پیشی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کے عدالت آنے تک سماعت ملتوی کر دی

عمران خان اور بشریٰ بی بی، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان اور بشریٰ بی بی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر شرعی نکاح کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ کی عدالت میں عدم پیشی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کے عدالت آنے تک سماعت ملتوی کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق سینئر سول جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ عدالت نے جیل ٹرائل کا آرڈر کیا تھا، ہم نے بشریٰ بی بی کو جیل بھیج دیا، ملزمہ کے ضمانتی مچلکے تیار کر لیے گئے ہیں۔


جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کو عدالت آنا ہوگا، جب بتا دیا تھا کہ جیل میں ٹرائل نہیں ہے تو ان کو عدالت آنا چاہیے، بشری بی بی جیل کیوں گئیں، وکیل بشری بی بی نے آگاہ کیا کہ ان کے پاس معلومات ہے کہ بشریٰ بی بی کو عدالت آنے میں خطرہ ہے۔ جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ آج رش نہیں ہے، عدالت بھی خالی ہے، آپ ملزمہ کو پیش کریں۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ملزمہ کی عدالت پیشی تک وقفہ کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے کیس کا اوپن ٹرائل جیل سمیت کسی بھی محفوظ مقام پر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس سے قبل عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا تھا کہ آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں۔


واضح رہے کہ 11 دسمبر کو عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا۔ اس سے قبل 5 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں خاور مانیکا کے گھریلو ملازم اور کیس کے گواہ محمد لطیف نے بیان قلمبند کرایا تھا۔ جبکہ 28 نومبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں نکاح خواں مفتی سعید اور عون چوہدری نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔