پاکستان میں بھاری بارش، 87 افراد ہلاک، 82 زخمی، 2500 سے زیادہ مکان تباہ
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پاکستان کے شمال مشرقی خیبر پختونخوا صوبہ میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یہاں پر موسلادھار بارش کی وجہ سے 36 افراد کی جان گئی ہے
اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ ہفتے بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں تقریباً 87 افراد ہلاک اور 82 زخمی ہو گئے۔ یہ معلومات نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دی ہے۔ پاکستان کے کئی علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق این ڈی ایم اے نے جمعہ کو بتایا کہ بارشوں کے باعث ملک بھر میں 2715 مکانات جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہو گئے، زیادہ تر افراد ڈھانچہ گرنے، آسمانی بجلی گرنے اور سیلاب سے متعلق واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ سے ہوا ہے۔ یہاں موسلادھار بارش کی وجہ سے 36 لوگوں کی جانیں گئیں اور 53 دیگر زخمی ہوئے۔ اس کے بعد صوبہ مشرقی پنجاب میں 25 ہلاکتوں اور 8 کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں مجموعی طور پر 15 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے، جبکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث 11 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔
دریں اثنا، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بارش کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو مشورہ دیا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں تیزی لائیں اور بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں کو کھولنے کے کام کو تیز کریں۔
اس سے قبل جمعہ کو این ڈی ایم اے نے موسم کی پیش گوئی کی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ بارشیں 22 اپریل تک جاری رہیں گی۔ بارش کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں اچانک سیلاب کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔