پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی موت، 24 گھنٹوں کے دوران کیسوں میں چار گنا اضافہ

لاہور میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی گئی تھی۔ اس 54 سالہ مریض کو ہفتے کی شب کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد میو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد: پاکستان میں ایک دن میں مہلک وائرس کورونا کے شکار افراد کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوگیا ہے اور حکام نے مزید ڈیڑھ سو کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 193 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا، پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی موت واقع ہوئی ہے۔ وزارت قومی صحت کی جانب سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری سے پاکستان میں پہلی موت لاہور میں واقع ہوئی ہے۔ فوت ہونے والے شخص کا نام غلام عمران ہے وہ حافظ آباد کا رہائشی تھا۔ عمران حال ہی میں ایران سے واپس آیا تھا جسے تفتان میں 14 روز قرنطینہ میں رکھا گیا جس کے بعد وہ کل ہی وہاں سے لاہور پہنچا۔


مریض کو گزشتہ روز لاہور کے میو اسپتال لایا گیا تو وہ بے ہوشی کی حالت میں تھا تاہم منگل کے روز وہ دم توڑ گیا ہے۔ پاکستانی چینلوں نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ جب مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تو لائن میں آکسیجن نہیں تھی جس کے بعد انتظامیہ کو مطلع کیا گیا،جس کے بعد مریض کی حالت مزید خراب ہو گئی۔ مریض کی میت کو ڈاکٹر مخصوص لباس پہن کر تابوت میں باہر لائے۔

ادھر صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوگیا ہے اور ان کی تعداد ڈیڑھ سو ہوگئی ہے۔ اس صوبے میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ سندھ میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 155 ہے۔


سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مزید 47 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے پہلے انھوں نے بتایا تھا کہ سکھر میں 65 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یہ تمام افراد پاکستان اور ایران کے درمیان واقع سرحدی قصبے تفتان سے سکھر پہنچے تھے۔ یہ افراد ایران سے لوٹے تھے اور انھیں تفتان میں طبی تنہائی میں رکھا گیا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے کل کیسوں میں 25 کا تعلق کراچی سے ہے اور ایک کا حیدرآباد سے ہے۔ ترجمان نے اتوار کو سندھ میں کورونا وائرس کے 35 کیسوں کی تصدیق کی تھی۔ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر صوبے میں تمام پارک اور تفریح گاہیں بند کردی ہیں جبکہ تعلیمی ادارے پہلے ہی 31 مئی تک بند کردیئے گئے ہیں۔


صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 15 کیس سامنے آئے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ ضلع ڈیرہ غازی خان میں حکام نے کورونا وائرس کے ایک نئے کیس کی تصدیق کی ہے۔ یہ شخص بھی تفتان بارڈر سے آیا ہے اور اس کو الگ تھگ رکھا گیا تھا۔ اس کو مظفر گڑھ میں واقع انڈس اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

لاہور میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی گئی تھی۔ اس 54 سالہ مریض کو ہفتے کی شب کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد میو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ یہ شخص 10مارچ کو برطانیہ سے لوٹا تھا۔ اس سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں لیکن ان کے نتائج منفی آئے ہیں۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکام نے کورونا وائرس کے دو کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ صوبہ بلوچستان میں 10 اور گلگت، بلتستان میں کورونا وائرس کے پانچ مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قومی رابطہ کمیٹی کے جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا دو طرح کے افراد کا ٹیسٹ کیا جانا چاہیے۔ اوّل، وہ لوگ جو بیرون ملک سے پاکستان لوٹے ہیں اور ان میں اس مہلک وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ دوم، ان لوگوں کا ٹیسٹ کیا جانا چاہیے جو خود تو بیرون ملک سے نہیں لوٹے لیکن ان کے رشتے دار یا قریبی جاننے والے لوگ واپس آئے ہیں اور وہ لوگ ان سے رابطے میں رہے ہیں اور ان میں بھی بعض علامات ظاہر ہوئی ہیں تو ان کا ٹیسٹ کیا جانا چاہیے۔


دریں اثناء سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے تعلیمی سال کا یکم جون سے آغاز ہوگا۔ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا 15 جون سے آغاز ہوگا اور یہ دو ہفتے تک جاری رہیں گے۔

صوبے کے ثانوی تعلیمی بورڈوں کے زیر اہتمام یہ امتحانات پہلے 16 مارچ سے شروع ہونا تھے لیکن یہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ انھوں نے کراچی میں ایک نیوز کانفرنس میں مزید بتایا ہے کہ گیارھویں اور بارھویں جماعت کے امتحانات 6 جولائی سے شروع ہوں گے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔