کرکٹر اور فلمی شخصیات نے عمران خان کو جیت پر مبارکباد دی
عمران خان کا پاکستان کا وزیراعظم بننا تقریباً طے ہے اور ان کی کامیابی پر کئی کھلاڑیوں اور معروف شخصیات نے ٹویٹ کرکے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
اسلام آباد: پاکستان کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرنے پر کرکٹ اور فلمی شخصیات نے کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کو اس تاریخی جیت پر مبارکباد دی ہے۔
عمران خان کا پاکستان کا وزیراعظم بننا تقریباً طے ہے۔ اس کامیابی پر کئی کھلاڑیوں نے ٹویٹ کرکے انہیں مبارکباد دی ہے۔ ہندوستان کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے ٹویٹ کرکے کہا کہ عمران نے اعلی مقام حاصل کرنے کے لئے جس ہدف کا تعین کیا تھا بالآخر اسے حاصل کرلیا۔ میرے کرکٹ کے ہیرو عمران کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔
اداکار جاوید جعفری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان کو مبارکباد۔ آپ ایک عظیم کھلاڑی اور محنت کش سماجی خدمتگار رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ ایک سنجیدہ اوربہترین وزیراعظم ثابت ہوں گے جس سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ہند۔ پاک تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔ دعا اور نیک خواہشات۔
مشہور اداکار رشی کپور نے بھی ٹویٹ کرکے کہا کہ’ بڑھیا کہا عمران خان آپ نے، جو ہندوستان۔ پاکستان کے بارے میں اب کہا ہے ، وہی بات میں گزشتہ دو دنوں سے سبھی چینلوں پر کہہ رہا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے ملک اور میرے ملک کے درمیان اچھے رشتے بنا پائیں۔ واضح رہے کہ رشی کپور کی فلم ’ملک ‘ تین اگست کو ریلیز ہورہی ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک تاریخی جیت کے لئے عمران خان اور پی ٹی آئی کو مبارکباد۔ 22 سال کی جدو جہد کا آج بہترین نتیجہ برآمد ہوا ہے۔ پاکستان کو آپ سے کافی امیدیں ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ آگے بڑھ کر ہماری قیادت کریں گے۔ میں میڈیا اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ نتائج کو تسلیم کریں اور پاکستان کی تعمیر میں تعاون دیں۔
علاوہ ازیں رمیز راجہ، شعیب اخبر و دیگر شخصیات نے بھی عمران خان کو مبارک باد پیش کی۔
عمران خان کی جیت سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر: محبوبہ مفتی
کشمیر کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کو عام انتخابات میں شاندار جیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیت ان کی سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر ہے۔
محترمہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’’عمران خان کو جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ جیت ان کی سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر ہے۔ـ‘‘
دریں اثنا پی ڈی پی لیڈر اور سابق وزیر چودھری ذوالفقار علی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں عمران خان کی قیادت والی نئی حکومت برصغیر ایشیا میں امن اور استحکام کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’امید کرتا ہوں کہ پاکستان میں عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت برصغیر ایشیا میں امن و استحکام کے لئے کام کرے گی‘۔ خیال رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jul 2018, 11:38 AM