پاکستان: کوئلے کی کان میں دھماکہ، 6 مزدور ہلاک، 1500 فٹ گہرائی میں ہوا حادثہ

حکام نے بتایا کہ ہرنائی کی شاہراگ کوئلہ کان میں 6 مزدور کام کر رہے تھے کہ کان کے اندر تقریباً 1500 فٹ کی گہرائی میں زبردست دھماکہ ہوا جس کے باعث کان کا داخلی راستہ بند ہو گیا اور تمام مزدور دب گئے۔

کوئلہ کان، علامتی تصویر آئی اے این ایس
کوئلہ کان، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں ایک زبردست گیس دھماکے میں کم از کم چھ مزدور ہلاک ہو گئے۔ میڈیا کو یہ معلومات دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ تقریباً 7 گھنٹے کی کوشش کے بعد تمام مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ہفتہ کو ضلع میں شاہراگ کوئلہ کان کے اندر چھ مزدور کام کر رہے تھے کہ کان میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کی وجہ سے اس کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جس میں چھ مزدوروں کی موت ہو گئی۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ دھماکے کی آواز دور تک سنائی دئی۔


حکام نے بتایا کہ کان کے اندر تقریباً 1500 فٹ گہرائی میں گیس کے زبردست دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس سے کان کا داخلی دروازہ بند ہو گیا۔ سنہوا نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ آگ لگنے کے نتیجے میں، مزدور کان کے اندر پھنس گئے اور دم گھٹنے اور جھلسنے سے ان مزدوروں کی موت ہوگئی۔

مقامی میڈیا نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد سماجی کارکن اور علاقے کے امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کر دی۔ سات گھنٹے کے آپریشن کے بعد مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ مزدوروں کی موت کی خبر سنتے ہی ان کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔