کشیدہ تعلقات کے باعث فی الحال ہند-پاک کرکٹ سیریز کھیلنا نامناسب: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 1979 اور 1987 میں ہندوستان میں سیریز کھیلی تھی تو کرکٹ کے لئے ماحول بہت اچھا تھا۔ اس وقت حکومتیں بھی رکاوٹیں دور کرنے اور قریب آنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
لاہور: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ کرکٹ کو ایشیز سے بڑا کرکٹ مقابلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے کشیدہ تعلقات کے باعث فی الحال دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلنا مناسب نہیں ہوگا۔ برطانوی چینل اسکائی اسپورٹس کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ موجودہ کشیدہ حالات میں کرکٹ کھیلنا ایک خوفناک بات ہوگی۔ پاکستان کے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان نے ہندوستان میں دو طرفہ سیریز کھیلی ہے۔
عمران خان نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ میں نے 1979 میں پہلی بار ہندوستان کا دورہ کیا تھا، اس وقت دونوں ممالک کی حکومتیں تعلقات کو بہتر بنانے میں مصروف تھیں۔ کرکٹ کا زبردست ماحول تھا اور تماشائی دونوں ٹیموں کو چیئر کر رہے تھے۔ جب میری قیادت میں ٹیم 1987 میں ہندوستان کا دورہ کیا تو ماحول اچھا نہیں تھا۔ دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کی وجہ سے ناظرین کا طرز عمل بھی اچھا نہیں تھا اور ہمیں بہت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 1979 اور 1987 میں ہندوستان میں سیریز کھیلی تھیں اس وقت دونوں ممالک کے مابین کرکٹ کے لئے ماحول بہت اچھا تھا۔ اس وقت حکومتیں بھی رکاوٹیں دور کرنے اور قریب آنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ جب ہندوستان نے 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تو پاکستان کی ٹیم ہار گئی تھی مگر شائقین نے مہمان ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا۔
عمران خان نے یہ بھی واضح کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کی سیریز ایشز سے بھی بڑا کرکٹ مقابلہ ہوتا ہے، ایشز سیریز کی اپنی اہمیت ہے لیکن ہندوستان اور پاکستان کی دوطرفہ سیریز کا کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ یہ ایک مختلف کرکٹ ہوتی ہے جس میں ماحول جذبات، تناؤ، دباؤ اور لطف اندوزی کی کیفیت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے متعدد سابق کرکٹرز کچھ عرصے سے ہندوستان اور پاکستان کے مابین دوطرفہ کرکٹ سیریز کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے مابین آخری دو طرفہ کرکٹ سیریز 2012–13 میں ہوئی تھی جب پاکستان نے محدود اوورز کی سیریز کے لئے ہندوستان کا دورہ کیا۔ تب سے ان کے مابین کوئی باہمی کرکٹ سیریز نہیں ہوسکی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سرپرست عمران خان نے ایک دستاویزی فلم کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہند پاکستان تعلقات بدترین مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ان دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ سیریز کے لئے فضا سازگار نہیں ہے، ایسی صورتحال میں سیریز کھیلنا خوفناک ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Aug 2020, 6:56 PM