عمران خان اپنی ’روحانی پیر‘ سے تیسری شادی پر کمربستہ

میڈیا میں آرہی لگاتارخبریں کہ عمران خان نے تیسری شادی رچا لی لی ہے، اب ان کی پارٹی نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ عمران نے بشریٰ مانیکا کو شادی کا پیغام دیا ہے اور جواب کے منتظر ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی اور سیاسی جماعت پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف ) کے چیرمین عمران خان کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آنے کے بعد کہ انہوں نے تیسری شادی رچا لی ہے ، تواب پارٹی کے ایک ترجمان نے بیان جاری کر کے کہا ہے کہ عمران خان نے بشری مانیکا نامی خاتون کو شادی کا پیغام تو ضرور بھیجا ہے لیکن ابھی تک شادی نہیں کی ہے۔

پاکستانی میڈیا میں ایسی خبریں بھی چل رہی ہیں کہ بشریٰ مانیکا کوئی عام خاتون نہیں ہیں بلکہ وہ عمران خان کی پیر سمجھی جاتی تھیں اور عمران خان ان کے کہنے پر ہی عمل کر تے ہیں۔ عوام کا یہاں تک کہنا ہے کہ عمران خان رات کے وقت پاکپتن جاتے، بابا فرید گنج شکر کے مزار پر حاضری دیتے اور پھر مانیکا فیملی کے پاس رہتے ہیں۔

بی بی سی اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری تحریری بیان میں عمران خان کی شادی کو ان کا نجی اور ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے ’’اگر مانیکا ان کی شادی کی پیشکش کو قبول کرتی ہیں تو خان باقاعدہ طور پر عوام کو اس سے آگاہ کریں گے۔ تب تک ہم میڈیا سے التماس کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کی خبریں نہ شائع کریں ۔‘‘

خیال رہے کہ پاکستان کے ایک اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے سالِ نو کے موقع پر تیسری شادی کی ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے اس کی تردید کی تھی اور کچھ نے فقط یہ کہا تھا کہ شادی عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے۔

پی ٹی آئی کے بیان میں اخبار کی رپورٹ پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے اسے قیاس آرائی قرار دیا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ خبر میں عمران خان کی ذاتی زندگی اور ایک ایسی خاتون کا ذکر کیا گیا جن کی لائف پبلک نہیں ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما کی تیسری شادی کی افواہ پہلی بار سامنے نہیں آئی ہے اس سے پہلے بھی اس قسم کی خبروں کی تردید کی جا چکی ہے۔

عمران خان کی دوسری شادی ریحام خان سے سنہ 2014 میں ہوئی تھی۔ اگرچہ یہ شادی کچھ ہی عرصہ تک چل سکی تاہم اس وقت بھی ابتدا میں ان کی شادی کے بارے میں خبروں کی تصدیق کرنے سے گریز کیا گیا تھا۔

گذشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیریں مزاری نے لکھا کہ ’یہ چیرمین پی ٹی آئی کا ذاتی معاملہ ہے کسی اور کا نہیں، وہ کب، کس سے اور کہاں شادی کرتے ہیں ۔‘

بشریٰ مانیکا کون ہیں ؟

پاکستان تحریک انصاف کےچیرمین عمران خان کی تیسری شادی کی خبریں روحانی رہنما بشری مانیکا کے ساتھ ہونے کی خبریں گردش کررہی ہیں۔پاکستانی میڈیا کے مطابق بشریٰ مانیکا سے عمران خان کی پہلی بارملاقات 2015 میں انتخاب سے قبل ہوئی تھی۔ بشریٰ مانیکا پانچ بچوں کی ماں ہیں اور انہوں نے حال ہی میں اپنے سابق شوہرخاورفرید مانیکا سے خلع لی ہے۔ بشری مانیکا کی عمر50 سال کے لگ بھگ ہے اوران کاتعلق پاکپتن کے وٹوخاندان سے ہے۔بشریٰ کے سابق خاوند خاورفرید مانیکا کسٹمز آفیسرہیں اوران کے والد غلام فرید مانیکا وفاقی وزیر رہے ہیں۔ بشریٰ کے دو بیٹے ابراہیم مانیکا اور موسیٰ مانیکا نے 2013 میں ایچ ای سن کالج لاہورسے گریجویشن مکمل کی ہے اور اب بیرون ملک تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ تین بیٹیوں میں سب سے بڑی بیٹی مہرو مانیکا صوبائی رکن اسمبلی میاں عطا مانیکا کی بہوہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 08 Jan 2018, 5:20 PM