عمران خان کی الٹی گنتی شروع! او آئی سی اجلاس کے بعد عمران دے سکتے ہیں استعفی

عمران خان کے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق او آئی سی اجلاس کے بعد عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دینا پڑسکتا ہے۔

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی کرسی جاتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے عمران خان کی وداعی طے ہو گئی ہے۔ آج تک پر شائع خبر کے مطابق پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے آرگنائزیشن آف اسلامک کارپوریشن (او آئی او) کے اجلاس کے بعد عمران خان سے مستعفی ہونے کو کہا ہے۔ او آئی سی کا یہ اجلاس 22 اور 23 مارچ کو پاکستان میں ہونا ہے۔ خبروں کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی فوج کی جانب سے یہ کہنے والوں میں شامل ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ جنرل باجوہ اور دیگر تین لیفٹیننٹ جنرلز نے کیا ہے۔ ملاقات سے قبل باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اطلاعات کے مطابق فوج کے چار اعلیٰ افسران اب عمران کو کوئی موقع نہیں دینا چاہتے۔


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارٹی کو امید تھی کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف ان کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ عمران کی جانب سے راحیل شریف باجوہ سے ملنے گئے تھے لیکن اس ملاقات کے بعد بھی عمران خان کو کوئی مثبت اشارے نہیں ملے۔ گزشتہ جمعہ کو عمران خان نے باجوہ سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد ہی یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان میں او آئی سی اجلاس کے بعد بڑا فیصلہ ہو سکتا ہے۔

پاکستانی فوج کئی وجوہات کی بنا پر عمران خان سے ناراض ہے۔ سب سے پہلے، باجوہ نے عمران کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال نہ کریں۔ اس کے باوجود وہ جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان کو ڈیزل کہہ کر تنگ کرتے رہے۔ اس کے ساتھ پاکستانی فوج اس بات پر بھی برہم ہے کہ عمران نے یوکرین کے بحران کے لیے غیر ضروری طور پر امریکا اور یورپی یونین کو گھیر لیا۔


واضح رہے عمران خان کی پارٹی کے کئی ارکان قومی اسمبلی نے بھی تحریک عدم اعتماد میں عمران کے خلاف ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی قانون کے مطابق اگر کوئی رکن پارلیمنٹ ایوان میں اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ دیتا ہے تو وہ اپنی نشست کھو سکتا ہے۔ عمران فی الحال یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس بار یہ اصول لاگو ہوگا یا نہیں۔ تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لیے 25 مارچ کو اجلاس بلایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔