پاکستان میں بڑا دہشت گردانہ حملہ، چینی شہریوں سے بھری بس میں دھماکہ، 13 افراد ہلاک

پاکستان کے شمالی حصے میں ایک بس کو نشانہ بنا کر زبردست دھماکہ کیا گیا۔ اس حملے میں نو چینی شہریوں سمیت 13 لوگوں کی موت ہو گئی جب کہ تقریباً 40 افراد کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں

تصویر بشکریہ این بی ٹی
تصویر بشکریہ این بی ٹی
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے شمالی حصے میں بڑے بم دھماکے کی خبر سامنے آئی ہے۔ خبروں کے مطابق ایک بس کو نشانہ بنا کر زبردست دھماکہ کیا گیا ہے جس میں 13 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں 9 چینی شہریوں اور دو پاکستانی جوانوں کے شامل ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ دو مقامی باشندوں کی بھی جان چلی گئی ہے۔

پاکستان کے شمالی حصے میں ایک سنسان جگہ پر ہوئے اس دھماکے کو لے کر یہ واضح نہیں ہے کہ سڑک کنارے لگائی گئی آئی ای ڈی کی وجہ سے ہوا ہے یا پھر بس کے اندر ہی دھماکہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ جیو نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دھماکے میں تقریباً 40 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔


کچھ دیگر ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ بس ایک نالے میں گر گئی اور اس کو شدید نقصان پہنچا۔ اس درمیان راحت اور بچاؤ کاری کا عمل جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ جس بس میں ہوا اس میں کئی چینی انجینئر سوار تھے۔ بس 30 سے زائد چینی انجینئروں کو اوپری کوہستان میں دسو باندھ کی سائٹ پر لے جا رہی تھی۔ چین کی طرف سے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے اس دھماکہ کی تفتیش کرائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔