عمران خان کی دعوت پر بل گیٹس کا پاکستان کا دورہ، مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال

سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس پاکستان پہنچے ہیں اور انہوں نے پاکستانی قیادت سے مختلف اہم امور پر ملاقاتیں کی ہیں

بل گیٹس سے گفتگو کرتے عمران خان / تصویر ٹوئٹر / @ImranKhanPTI
بل گیٹس سے گفتگو کرتے عمران خان / تصویر ٹوئٹر / @ImranKhanPTI
user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد: سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس پاکستان پہنچے ہیں اور انہوں نے پاکستانی قیادت سے مختلف اہم امور پر ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے گیٹس سے ملاقات کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور شراکت داری کو سراہا۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ گیٹس نے دورے کی دعوت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے قیادت، ہیلتھ ورکرز اور والدین کی کوششوں کی ستائش کی کہ پولیو پھر کسی بچے کو معذور نہ کر دے۔ گیٹس نے اپنے وفد کے ساتھ جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سیشن میں بھی شرکت کی جو کورونا وبا کے خلاف پاکستان کی مہم کی قیادت کر رہا ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے بل گیٹ سے ملاقات کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’میری دعوت پر پاکستان آنے والے بل گیٹس کا خیر مقدم میرے لئے باعثِ مسرت تھا۔ بہت سے دیگر کارناموں کے علاوہ انسانی بہبود کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر دنیا بھر میں ان کی پذیرائی کی جاتی ہے۔ پولیو کے انسداد اور غربت میں تخفیف کے منصوبوں میں غیرمعمولی تعاون پر میں اپنی قوم کی جانب سے ان کا مشکور ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔