پاکستان میں جاری تشدد کے درمیان عمران خان کو آج عدالت میں کیا جائے گا پیش

سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان میں حالات انتہائی خراب ہیں، انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر اسلام آباد پولیس لائن میں ہی عدالت لگائی جائے گی

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>

Getty Images

user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کل گرفتار کیا گیا تھا اور آج انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ گزشتہ روز سے عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے مسلسل ہنگامہ آرائی اور دھماکہ خیز صورتحال کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس لائن میں خصوصی عدالت قائم کی جائے گی۔ اس میں عمران کے خلاف توشہ خانہ کیس میں بھی فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔ دریں اثنا، اسلام آباد سے کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں عمران کرسی پر انتہائی پریشان حال نظر آ رہے ہیں۔

عمران خان کو منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے پاکستان رینجرز کی جانب سے گرفتار کیا گیا اور انہیں گاڑی میں گھسیٹ کر بیٹھایا گیا تھا۔ بعد ازاں ہائی کورٹ نے بھی عمران کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا جس کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں نے سڑکوں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیا۔ لاہور میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے پی ایم ایل این کے دفتر کو آگ لگا دی۔ اسی دوران عمران کے حامی لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور عمران کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔


عمران خان کی گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی پاکستان کے کئی شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ کئی مقامات پر مظاہرین پرتشدد ہو گئے۔ انہوں نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے کور کمانڈر کی لاہور رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا اور گیٹ اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ تاہم فوج کے جوانوں نے وہاں پر مشتعل مظاہرین کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ اس دوران مظاہرین نے فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کنٹونمنٹ کے علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان میں بہت زیادہ تشدد دیکھنے میں آیا۔ عمران کے حامیوں نے ریڈیو سٹیشن، ہوائی اڈے، آرمی ہیڈ کوارٹر ہر جگہ حملہ کیا۔ مختلف مقامات پر آتشزدگی ہوئی، پتھراؤ بھی ہوا۔ سیکورٹی فورسز کو بھیڑ اور ہنگامہ پر قابو پانے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا۔

دریں اثنا، امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سیاسی افرا تفری کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایڈوائزری میں پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔